متحدہ عرب امارات نے تاریخ رقم کردی۔ عرب دنیا کے پہلے خلائی مشن ’ہوپ پروب‘ نے پیر کو جاپان سے مریخ کے لیے اپنے سفر کا آغاز کیا ہے۔ امارات کے اس خلائی مشن کو مسبار الأمل (ہوپ پروب ) کا نام دیا گیا ہے ۔ مشن کو مریخ کے مدار تک پہنچنے میں لگ بھگ 200 دن درکار ہوں گے۔ جس وقت مریخ پہنچے گا اس وقت متحدہ عرب امارات کے عوام ریاست کے قیام کی 50 ویں سالگرہ کا جشن منا رہے ہوں گے۔
خلائی مشن کا ٓٓغاز 15 جولائی کو ہونا تھا تاہم خراب موسم کے باعث مشن کو پانچ دن کے لیے موخرکیا گیا۔

اماراتی خبررساں ایجنسی ( وام )کے مطابق سرخ سیارے کے مدار میں پہنچنے کے فوری بعد خلائی مشن وہاں کے موسمی حاالات کا جائزہ شروع کرے گا اور آئندہ سو برس کے دوران وہاں انسانی بستی بسانے سے متعلق ضروری معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔
اماراتی خلائی مشن نے جاپان کے ٹینگا شیما خلائی مرکز سے سفر کا آغاز کیا ہے۔ اسے ایچ ٹو اے راکٹ کے ذریعے لانچ کیا گیا۔ توقع ہےمسبار الأمل (ہوپ پروب)خلائی مشن مدار میں 687 دن تک رہے گا۔
یاد رہے کہ مریخ مشن کا اعلان 2014 میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کیا تھا۔

یہ تحقیقاتی مشن متحدہ عرب امارات میں سائنس ڈیٹا سینٹر کو دنیا بھر میں پھیلے ہوئے مختلف گراؤنڈ سٹیشنوں کے ذریعے مریخ کے بارے میں نیا ڈیٹا جمع کرکے واپس بھیجے گا۔ امارات کی مریخ مشن سائنس ٹیم ان اعداد و شمار کا تجزیہ کرے گی اور انسانیت کی خدمت کےلیے اسے بین الاقوامی مریخ سائنس کیمونٹی کو مفت فراہم کرے گی۔
خلائی مشن پر ریڈ ایکسرے سسٹم نصب ہے۔ یہ مریخ کے زیریں فضائی غلاف کی پیمائش کرے گا اور درجہ حرارت کا تجزیہ کرے گا- سال بھرمریخ کے بدلتے ہوئے موسموں کی مکمل تصویر لی جائے گی۔ خلائی مشن میں نصب حساس کیمرہ اوزون کے حوالے سے دقیق ترین معلومات حاصل کرے گا جبکہ 43 ہزار کلو میٹرتک کی مسافت کے فاصلے سے آکسیجن اور ہائیڈروجن کی مقدار ناپنے والا آلہ بھی نصب کیا گیا ہے۔

قبل ازیں متحدہ عرب امارات کی قیادت نے جاپان کے ٹینگا شیما خلائی مرکز سے مریخ پر جانے والے اماراتی مشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ ویڈیو اجلاس کے ذریعے امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم، ابوظبی کے ولی عہد اور امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور دبئی کے ولی عہد اور محمد بن راشد خلائی مرکز کے صدر شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کو خلائی مشن ٹیم کی زیر نگرانی تکنیکی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا گیا۔
We have lift-off. H2A, the rocket carrying the Hope Probe to space, has launched from the Tanegashima Space Centre in Japan.#HopeMarsMission pic.twitter.com/pRKZLOL7NT
— Hope Mars Mission (@HopeMarsMission) July 19, 2020