سعودی وزارت اسلامی امور نے حج مقامات منی ، مزدلفہ اور عرفات کی تمام مساجد میں اصلاح ومرمت، صفائی، ایئرکنڈیشن، عبادت اور حج و دینی آگہی کے تمام انتظامات مکمل کرلیے۔
تمام انتظامات کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر کو مدنظررکھ کر کیے گئے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت اسلامی امور نے جو مملکت بھر میں مساجد کی تعمیر، تزئین، اصلاح و مرمت کے انتظامات پر مامور ہے، نے مسجد نمرہ اور مسجد المشعر الحرام کو سینیٹائز کرایا ہے۔مساجد میں ہوا کی صفائی کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
کورونا وبا سے عازمین حج کو بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات کرلیے گئے۔ دونوں مساجد میں نمازیوں کے داخلے اور ان سے نکلنے کے راستے الگ الگ کردیے گئے ہیں۔
مسجد میں فاصلے کے لیے علامتیں لگادی گئی ہیں۔ یہ سارا کام انجینیئرز اور انتظامی عملے کے تعاون سے انجام دیا گیا ہے۔
وزارت اسلامی امور اس سال بھی منی، مزدلفہ اور عرفات کی مساجد اور حاجیوں کی رہائش پر دعوتی پروگرام کرے گی۔ بڑی سکرینز اور بارکوڈ سے آراستہ سسٹم نصب کردیا گیا ہے۔
زائرین سمارٹ آلات پر قرآن پاک اور دینی لٹریچر اپ لوڈ کرسکیں گے۔ وزارت اسلامی امور نےحج اور اس کے احکام بیان کرنے کے لیے کئی ریڈیو اور ٹی وی پروگرام بھی تیار کیے ہیں۔
دریں اثنا حج سیکیورٹی فورس کے ڈپٹی کمانڈر میجر جنرل محمد الاحمدی نے کہا ہے کہ اس سال حج سیکیورٹی پلان کا پہلا مرحلہ نافذ کردیا گیا دیگر مراحل آئندہ ایام میں نافذ کیے جائیں گے۔
اخبار 24 کے مطابق الاحمدی نے منگل کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ حج اجازت نامے کے بغیر کسی کو مسجد الحرام کے کسی بھی صحن میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہں نے مزید کہا کہ اس سال حج سیکیورٹی پلان چار نکاتی ہے۔ یہ انسانی بنیادوں، حاجیوں کے امن و امان کو یقینی بنانے، انتظامی ضوابط کی تعمیل اور حفظان صحت کے اصولوں کی تعمیل پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہ حج کے دوران مسجد الحرام میں آنے جانے کا باقاعدہ طریقہ کار مقرر کیا گیا ہے۔ کورونا وائرس سے حج زائرین کو بچانے کے لیے آنے جانے کے دروازے مقرر کیےگئے ہیں۔ سب سے اس کی پابندی کرائی جائے گی۔