گلوکارہ ہیفا وہبی کا سابق مینیجر گرفتار، 40 لاکھ ڈالر چرانے کا الزام
گلوکارہ ہیفا وہبی کا سابق مینیجر گرفتار، 40 لاکھ ڈالر چرانے کا الزام
جمعہ 24 جولائی 2020 16:05
ہیفہ وہبی نے مئی میں سابق مینیجر کے خلاف چوری کا مقدمہ دائر کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
لبنان کی معروف گلوکارہ اور اداکارہ ہیفا وہبی کے سابق مینیجر محمد وزیری کو رواں ہفتے فنکارہ کے 40 لاکھ ڈالر چرانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
ہیفا وہبی نے مئی کے مہینے میں مصر میں وکیل کے ذریعے اپنے سابق مینیجر کے خلاف ایک مقدمہ دائر کیا تھا جس میں محمد وزیری کے خلاف ان کے اکاؤنٹ سے ان کی اجازت کے بغیر 40 لاکھ ڈالر نکالنے کا الزام عائد کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق اس سے قبل ہیفہ نے وزیری کو ایک مختار نامہ عام (جنرل پاور آف اٹارنی) دستخط کر کے دیا تھا تاکہ وہ پروڈیوسرز، سیٹلائٹ چینلز اور دیگر پارٹی اورگنائزرز سے ان کے کام کے پیسے اور فیس وصول کر سکیں۔
محمد وزیری نے بھی مئی کے مہینے میں ہی مصر کی فیملی کورٹ میں ایک مقدمہ دائر کیا تھا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی اور اداکارہ ہیفہ وہبی کی شادی ہو چکی ہے۔
اداکارہ نے اپنے سابق مینیجر کے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ 'عدالتی تعطیلات ختم ہونے کے بعد وہ ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی جنہوں نے انہیں بدنام کرنے کی مہم چلائی، اور اس کیس کی تحقیقات اور عدالتی فیصلے کا انتظار کریں گی۔'
لبنانی گلوکارہ اور اداکارہ ہیفا وہبی اس کیس کے حوالے سے ٹوئٹر پر اپنے فالوورز اور مداحوں کو مسلسل آگاہ رکھ رہی ہیں۔
جون میں عدالت کی سماعت ختم ہونے کے بعد ہیفا وہبی نے لکھا تھا کہ 'محمد وزیری کے وکیل نے عدالت میں اپنے دعوے کے حق میں کوئی دستاویز یا گواہ پیش نہیں کیا اور کہا کہ 'شادی کا معاہدہ چوری ہوگیا ہے۔'
'اس پر جج نے کہا کہ چوری کا معاملہ عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے جس پر اچانک ملزم کے وکیل نے کہا کہ 'وزیری کے پاس شادی کا سرٹیفیکیٹ موجود ہے اور ساتھ ہی انہوں نے عدالت سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کر دی۔'
محمد وزیری جنہوں نے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، قاہرہ میں چار روز کے لیے زیر حراست ہیں اور مقدمہ تاحال زیر تفتیش ہے۔