جمعے کو 2 طیارے امدادی سامان لے کر بیروت پہنچے تھے۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان امدادی مرکز کے تحت سانحہ بیروت کے متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر تیسرا طیارہ سنیچر کی صبح بیروت پہنچ گیا۔
قبل ازیں جمعے کو 2 طیارے 120 ٹن سے زائد امدادی سامان لے کر بیروت کے رفیق الحریری انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے تھے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے خصوصی شاہی فرمان جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ بیروت کی بندرگاہ پر ہونے والے خوف ناک دھماکے کے بعد متاثرہ لبنانی عوام کے لیے فوری امدادی مہم کا آغاز کیا جائے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے فوری طور پر شاہ سلمان امدادی مرکز کے تحت امدادی اشیا کی ترسیل کا آغاز کیا گیا تھا۔
امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے مرکز کے مشیر ڈاکٹر علی الغامدی نے مزید بتایا کہ مملکت سے بیروت کےلیے روانہ کیے جانے والے امدادی سامان کی تیسری کھیپ میں وینٹی لیٹرز ، ایمرجنسی کے لیے درکار ہنگامی طبی یونٹ کے آلات ، اینٹی بائیوٹک ادویات ، درد کم کرنے والی مسکن ادویات ، جراثیم کشن مواد، حفاظتی ماسک کے علاوہ بے گھر افراد کےلیے خیمے ، کمبل ، اشیائے خورونوش کے علاوہ ڈسپوزایبل برتن اور دیگر اشیاشامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے نگران اعلی ڈاکٹر عبداللہ عبدالعزیز الربیعہ نے اس سے قبل کہا تھا کہ سعودی عرب ہمیشہ اپنے برادر اور دوست ممالک کی مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہوتا ہے۔
شاہ سلمان امدادی مرکز سانحہ بیروت کے حوالے سے ہر طرح کی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔