سعودی عرب میں محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جمعرات 13 اگست کو مملکت کے تین علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے اور بیشتر علاقوں کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا-
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے بیان میں کہ جمعرات کو نجران، جازان اور عسیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ الجوف، حدود شمالیہ، الشرقیہ میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔
ریاض، حائل اور قصیم کے بعض علاقے بھی گرد آلود ہواؤں کی زد میں ہوں گے۔ گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جنوب مغرب کے بالائی علاقوں تک پھیل جائے گا۔
بیان میں محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ جمعرات کو بحیرہ احمر میں لہریں 2 میٹر تک اونچی اٹھیں گی جبکہ ہوائیں مغرب سے شمال مغرب کی جانب چلیں گی۔ ان کی فی گھنٹہ رفتار 15 سے 42 کلو میٹر تک ہوگی۔