پاکستان کے سول ایوارڈز: مولانا طارق جمیل اور جیک ما نامزد
اداکارہ بشریٰ انصاری کو بھی سول ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
پاکستان کے صدر نے 14 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر اہم شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے شہریوں اور غیرملکی شخصیات کو ملک کے سول ایوارڈز دینے کا اعلان کیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کی گئی فہرست کے مطابق 184 شخصیات کو ان ایوارڈز کے لیے چنا گیا ہے جن کو یہ اعزاز اگلے سال 23 مارچ کو دیے جائیں گے۔
سول ایوارڈز کے لیے نامزد ہونے والی شخصیات میں شعبہ طب سے منسلک وہ ڈاکٹرز بھی شامل ہیں جنہوں نے رواں سال کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے دوران اپنی جان گنوائی۔
پاکستان میں کورونا سےمرنے والے پہلے ڈاکٹر گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے اسامہ ریاض سمیت شعبہ طب کی دیگر شخصیات کو ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
مشہور مبلغ مولانا طارق جمیل کو تمغہ حسن کارکردگی کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
صادقین نقوی، عابدہ پروین، احمد فراز (مرحوم) اور ڈاکٹر جمیل جالبی (مرحوم) کو نشان امتیاز دیا جائے گا۔
چین کے معروف بزنس مین جیک ما کو ہلال قائداعظم کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
اداکار طلعت حسین، اداکارہ بشریٰ انصاری اور نجی ٹی وی چینل کی مالک سلطانہ صدیقی کو ستارہ امتیاز دیا جائے گا۔
انکل سرگم کے نام سے مشہور ہونے والے مشہور کارٹونسٹ اور لکھاری فاروق قیصر کو بھی ستارہ امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اینکر پرسن نعیم الطاف بخاری کو بھی ستارہ امتیاز دیا جائے گا۔
گلوکار محمد علی شہکی، اداکارہ سکینہ سمو، اداکارہ ریشم، اداکار نعمت سرحدی، پشتو گلوکارہ مہ جبین قزلباش، گلوکار علی ظفر کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔