Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیبر کورٹس میں یومیہ 174 مقدمات کے فیصلے

سب سے زیادہ کیسز مکہ ریجن میں رہے (فوٹو: ایس پی اے)
 سعودی وزارت عدل و انصاف کا کہنا ہے کہ مملکت میں گذشتہ ماہ کے دوران لیبر کورٹس میں 3825 مقدمات نمٹائے گئے۔ سب سے زیادہ کیسز مکہ ریجن میں رہے۔ 
ویب نیوز ’سبق‘ نے وزارت عدل کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے حوالے سے کہا ہے کہ گذشتہ ماہ ذوالقعدہ میں لیبرکورٹس میں نمٹائے جانے والے مقدمات میں 42 فیصد ملازمین کی اجرت سے متعلق رہے۔ 
وزارت عدل کے ماتحت کام کرنے والی لیبر کورٹس میں اوسطاً یومیہ 174 مقدمات کے فیصلے کیے گئے۔ سب سے زیادہ مقدمات مکہ ریجن میں رہے جن کی تعداد 1126 تھی۔ ریاض میں 969 ، مشرقی ریجن میں 953 ، مدینہ میں 335 ،عیسر ریجن میں 131 مقدمات کا فیصلہ کیا گیا۔ 

ان مقدمات میں 42 فیصد ملازمین کی اجرت سے متعلق رہے (فوٹو: ایس پی اے)

قصیم میں مقدمات کی تعداد 93 رہی جبکہ الجوف میں 66 ، نجران 45 ،  الباحہ 25 ، حائل 23 ، شمالی حدود اور جازان میں 22 جبکہ تبوک میں لیبر کورٹس میں نمٹائے جانے والے مقدمات کی تعداد 15 تھی۔ 
لیبر کورٹ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ مملکت کے قانون محنت کے تحت مقدمات کی سماعت کی گئی جس میں کارکنوں کے حقوق اور اجرت کےعلاوہ ورک ایگریمنٹ کی خلاف ورزی کے مقدمات شامل تھے۔ 
بعض مقدمات سوشل انشورنس سے متعلق تھے جن پر قانون کے مطابق فیصلہ کیا گیا۔ بعض میں آجیر کی جانب سے کارکن کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا جن پر قانون محنت کے مطابق کارروائی کی گئی۔ 

شیئر: