Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا کے 2 لاکھ 69 ہزار سے زائد مریض صحت یاب

ملک میں اب تک کورونا کے 22 لاکھ 99 ہزار 601 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں حالیہ دنوں میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں وائرس کے 488 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 7 اموات ہوئی ہیں۔
پیر کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی کل تعداد 2 لاکھ 89 ہزار 215 ہے جبکہ اب تک 6 ہزار 175 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

 

پاکستان میں 2 لاکھ 69 ہزار 87 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 771 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 22 ہزار 448 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جبکہ اب تک مجموعی طور پر پورے ملک میں 22 لاکھ 99 ہزار 601 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں سامنے آئے ہیں۔ سندھ میں وبا کے مریضوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 26 ہزار 182 ہے۔
 پنجاب میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 95 ہزار 447 ہو گئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں 35 ہزار 215 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
بلوچستان میں 12 ہزار 295 جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 390 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔
گلگت بلتستان میں وبا کے مریضوں کی تعداد 2 ہزار 502 جبکہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں 2 ہزار 184 ہے۔

شیئر: