مکہ کا ’الزاھر‘ محل عجائب گھر میں تبدیل کردیا گیا- یہاں تاریخ کے مختلف ادوار کے نوادرات اور تاریخی اشیا رکھی گئی ہیں-
اخبار 24 کے مطابق تاریخی ورثے کے ادارے کا کہنا ہے کہ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز نے 1365ھ میں قصر الزاھر تعمیر کرنے کا فرمان جاری کیا تھا-
محل کی تعمیر میں سات برس لگے تھے- شاہ عبدالعزیز جب بھی مکہ آتے اسی محل میں قیام کیا کرتے تھے- یہاں وہ مختلف مسلم ملکوں سے حج پر آنے والے وفود کو ملاقات بھی کیا کرتے تھے-
قصر الزاھر کو شاہی مہمان خانے کی جانب سے 1378ھ میں وزارت تعلیم کے حوالے کیا گیا- وزارت نے اسے الزاھر مڈل سکول بنادیا- 1398ھ تک یہاں سکول قائم رہا- پھر اسے عجائب گھروں اور آثار قدیمہ کے ادارے کی تحویل میں دے دیا گیا ۔اصلاح و مرمت کے بعد محل کو تاریخی عجائب گھر بنا دیا-
الزاھر محل دو منزلہ اور متعدد ہالوں پر مشتمل ہے- جن میں سعودی عرب کی تاریخ، مکہ مکرمہ کے آثار قدیمہ، اسلامی تاریخ کے مختلف ادوار کے تاریخی تحائف سجائے گئے ہیں- علاوہ ازیں یہاں سیرت مبارکہ سے متعلق معلومات بھی خوبصورت انداز میں پیش کی گئی ہیں-