جنوب مغربی صوبے باحہ کے جنگلات رغدان کے نام سے معروف ہیں(فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں 1700 میٹر کی بلندی پر سیکڑوں برس پرانے جنگلات سیاحوں میں مقبول ہورہے ہیں۔
یہ جنگلات سعودی عرب کے جنوب مغربی صوبے باحہ کے رغدان جنگلات کے نام سے معروف ہیں۔ یہاں کے سرسبز مناظر اور آبشار مقامی شہریوں ہی نہیں بلکہ سیاحوں کو بھی اپنی جانب راغب کر رہے ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق باحہ میں رغدان کے جنگلات تہامہ پر سایہ فگن ڈھلوانی چٹان پر قائم ہیں۔ یہ سطح سمندر سے 1700میٹر سے کہیں زیادہ بلندی پر واقع ہیں۔
رغدان جنگلات کی سیر کرنے والا خود کو خوابوں کی دنیا میں محسوس کرنے لگتا ہے۔ پورا علاقہ پرسکون ہے اور قدرتی مناظر میں بڑی یگانگت ہے۔
رنگا رنگ درخت دعوت نظارہ دیتے ہیں۔ ہر طرف پھولوں کی خوشبو بکھری رہتی ہے۔ یہ جگہ ہر لحاظ سے خوبصورت اور قابل دید ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق رغدان جنگلات میں نوے فیصد سے زیادہ درخت جونیپر کے ہیں۔ یہ لمبی عمر پاتے ہیں سایہ دار ہوتے ہیں۔ کئی کئی سو برس پرانے ہیں۔ یہاں سیاحت کے لیے تفریحاتی کھیلوں، سائبانوں، سبزہ زاروں، روشنی اور بنچوں کا انتظام ہے- رابطے کے نیٹ ورک بھی بہترین ہیں۔
رغدان جنگلات کی سیر گاہ کا حسن روشن آبشاروں نے دوبالا کررکھا ہے۔ انہیں پہاڑوں کی قدرتی ڈھلان کو مدنظر رکھ کربنایا گیا ہے۔ یہاں آنے جانے والی گزر گاہیں اور ان کے مناظر سیر آفریں ہیں۔