مکان منہدم ہونے کی وجوہ کے بارے میں اطلاع موصول نہیں ہوئی۔(فوٹو سبق)
سعودی عرب کے درالحکومت ریاض کے محلے ’ عتیقہ ‘ میں ایک مکان گرنے سے 2 افراد ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔ شہری دفاع کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے شہری دفاع کے حوالے سے کہا ہے کہ ریاض کے علاقے عتیقہ میں آج بروز بدھ ایک قدیم مکان منہدم ہو گیا۔
واقع کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے مخصوص امدادی یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے فوری امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے ملبے تلے دبے ہوئے افراد کو نکالا۔
شہری دفاع کے مطابق مکان گرنے سے 2 افراد ملبے تلے دب کر ہلاک ہوئے جبکہ 5 زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
شہری دفاع کی جانب سے امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔ امدادی کارروائی میں تربیت یافتہ کتوں سے بھی مدد حاصل کی جا رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ملبے کے نیچے کوئی مزید شخص تو موجود نہیں۔
مکان منہدم ہونے کی وجوہ کے بارے میں تاحال کسی قسم کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم شہری دفاع کی جانب سے اس بارے میں تحقیقات مکمل کرنے کے بعد رپورٹ جاری کی جائے گی۔