مدینہ میں ترقیاتی منصوبوں کی آگاہی کیلئے ای پلیٹ فارم
مدینہ میں ترقیاتی منصوبوں کی آگاہی کیلئے ای پلیٹ فارم
اتوار 6 ستمبر 2020 13:07
گورنر مدینہ نے میونسپل حکام کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔(فوٹو عرب نیوز)
گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے شہریوں کو ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کرنے کے لئے ای پلیٹ فارم کا آغاز کیاہے۔
عرب نیوز کے مطابق مدینہ منورہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کے بارے میں شہریوں کے لیے اس خدمت کا آغاز گذشتہ روز سنیچر سے کیا گیا ہے۔
مدینہ پروجیکٹس کے نام سے تیار کئے گئے مدینہ علاقائی ترقیاتی اتھارٹی کے اس منصوبے کی تمام تفصیلات اب الیکٹرونک پلیٹ فارم کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہیں۔
یہاں جاری منصوبوں کو انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل جیسے مختلف حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
شہزادہ فیصل بن سلمان نے تمام صنعتی سرگرمیوں ، گوداموں اور گاڑیاں مرمت کرنے کی ورکشاپس کو شہری علاقوں سے باہر ان کاموں کے لیے مخصوص علاقوں میں عرصہ 2 سال کے اندر منتقل کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
گورنر مدینہ نے میونسپل حکام کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا اور انہیں عوام تک پہنچائی جانے والی خدمات تک رسائی کو آسان بنانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر مدینہ منورہ کے ہر محلے میں تعلیمی اداروں کے لئے جگہیں مختص کرنے کے منصوبے کے بارے میں بتایا گیا۔