Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات ڈیلیوری یونٹ دیکھے گا‘

شکایات کا ازالہ کرنے والے اداروں میں سر فہرست ایف بی آر ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے قائم کی گئی ایپ ’کال سرزمین‘ کو پاکستان سٹیزن پورٹل میں ضم کر دیا گیا ہے۔  
وزیراعظم ڈیلوری یونٹ (پی ایم ڈی یو) کے ڈپٹی سیکرٹری عادل سعید صافی نے اردو نیوز کے ساتھ گفتگو میں بتایا کہ ’ کال سر زمین ایپ کو سٹیزن پورٹل میں ہی ضم کر دیا گیا ہے، کیونکہ شکایات کے اندراج اور ان کے ازالے کے لیے پہلے سے ہی سٹیزن پورٹل کام کر رہا تھا۔‘  
خیال رہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل سننے اور ان کے فوری حل کے لیے حکومت پاکستان نے جنوری 2020 میں  وزارت سمندر پار پاکستانی کے زیر نگرانی ’کال سر زمین‘ کے نام سے ایپ متعارف کروائی تھی۔ 

 

وزیر اعظم ڈیلوری یونٹ حکام کے مطابق ’وزیر اعظم کے معاؤن خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے کال سر زمین اور سٹیزن پورٹل کو ضم کرنے کا فیصلہ کیا، کیونکہ سٹیزن پورٹل براہ راست وزیراعظم دیکھتے ہیں اور وہاں پر بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے حوالے سے اطمینان بخش رد عمل دیکھنے کو مل رہا ہے۔‘  
حکام کا کہنا ہے کہ ’کال سر زمین ایپ کو ختم نہیں کیا گیا بلکہ وہاں پر درج ہونے والی شکایات بھی اب وزیراعظم سٹیزن پورٹل پر دیکھی جاتی ہیں۔‘  
خیال رہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات اعلی حکام تک پہنچانے کے لیے ’کال سرزمین‘ کے نام سے ہیلپ لائن موجود تھی جسے موبائیل ایپ میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔  
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کا ازالہ کرنے میں سب سے آگے کون؟ 
وزیراعظم ڈیلوری یونٹ کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے شکایات کا ازالہ کرنے والے اداروں میں سر فہرست فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا محکمہ ہے۔  

ایف بی آر کے حوالے سے 44 فیصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے اطمینان کا اظہار کیا (فوٹو: فیس بک)

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے پانچ ہزار 145 شکایات درج کی گئی ہیں جن میں سے چار ہزار 430 حل قرار دی جا چکی ہیں۔  
ایف بی آر میں درج کی جانے والی شکایات کے ازالے کے حوالے سے 44 فیصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔  
دوسرے نمبر پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے، جس کے خلاف تین ہزار 838 شکایات درج کی گئیں جن میں سے تین ہزار 791 حل قرار دی جا چکی ہیں۔ ان میں سے 39 فیصد شکایات کنندگان نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔  
تیسرے نمبر پر سمندر پار پاکستانیوں نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، جس کے خلاف تین ہزار 441 شکایات ہوئیں اور تین ہزار 316 حل قرار دی گئی ہیں۔  
دفتر خارجہ کی جانب سے شکایات کا ازالہ کرنے پر 38 فیصد اوورسیز پاکستانیوں نے مثبت رد عمل دیا ہے۔  تین ہزار 393 شہریوں نے دفتر خارجہ سے متعلق اپنی شکایات درج کیں، جس میں سے تین ہزار 281 حل قرار دی گئی ہیں۔  

پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے حوالے سے 39 فیصد شہریوں نے اطمینان ظاہر کیا (فوٹو اے ایف پی) 

امیگریشن اور پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کا نمبر پانچواں ہے، جس سے متعلق تین ہزار 354 شکایات موصول ہوئیں اور تین ہزار 210 حل قرار دی گئی ہیں، جس پر 39 فیصد شہریوں نے شکایات کا ازالہ ہونے پر اطمینان ظاہر کیا ہے۔  
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سب سے زیادہ شکایات کس حوالے سے ہیں؟  
پاکستان سٹیزن پورٹل پر اب تک ایک لاکھ 64 ہزار 248 بیرون ملک مقیم پاکستانی رجسٹرڈ ہیں، جن میں سے اکثریتی تعداد متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، برطانیہ، امریکہ اور قطر میں مقیم پاکستانیوں کی ہے.
پاکستان ڈیلوری یونٹ سے حاصل کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سب سے زیادہ سات ہزار 648 شکایات بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے حوالے سے ہیں۔  

پاکستان سٹیزن پورٹل پر صفائی کے حوالے سے بھی شکایات درج کی گئیں (فوٹو اے ایف پی)

دوسرے نمبر پر پولیس جبکہ اراضی کے انتقال کے حوالے سے درج کی جانے والی شکایات کا نمبر تیسرا ہے۔  
پاکستان سٹیزن پورٹل پر صفائی کے حوالے سے بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے شکایات درج کی ہیں جن کی تعداد تین ہزار 973 اور گیس کے کنکشن کے حوالے سے تین ہزار 731 شکایات درج کی جا چکی ہیں۔

شیئر: