Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے 781 نئے کیسز، 30 اموات

متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 22 ہزار237 ہو گئی ہے (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل کو بھی 800 سے کم نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
 وزارت صحت کے مطابق منگل 8 ستمبر کو گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 781 نئے کیسز سامنے آئے۔ اس طرح متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 22 ہزار237 ہو گئی ہے۔
 سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 623 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ اب تک 2 لاکھ 98 ہزار 246 افراد اس مرض سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 623 افراد صحت یاب ہوئے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز کورونا سے 30 افراد ہلاک ہوئے۔ اموات کی مجموعی تعداد چار ہزار137 ہو چکی ہے۔
مملکت میں اس وقت ایکٹیو کیسز کی تعداد 19 ہزار 854 ہے جن میں سے ایک ہزار 429 مریض انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیرعلاج ہیں۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف شہروں میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد جدہ میں رہی جہاں 62 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
 مکہ میں 58، مدینہ 51، دمام 50، ریاض 43، الھفوف 36، المبرز 32، قطیف 31، ینبع 28، خمیس مشیط 22، عرعر 18، حفر الباطن 16، حائل 16، الخبر 15 اور بقیق میں 14 کیسز کا پتا چلا ہے۔

پچھلے ایک ماہ سے کورونا کے کیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے (فوٹو: ایس پی اے)

اعداد و شمار کے مطابق 18 شہروں میں مریضوں کی تعداد ایک، ایک، 19 شہروں میں 2، 2 اور 6 شہروں میں 3،3 جبکہ 10 شہروں میں 4،4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
سعودی عرب میں متعدی امراض سے بچاؤ اور وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
 وزارت صحت کے ترجمان  نے کہا ہے کہ پچھلے ایک ماہ سے کورونا کے کیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے جبکہ پچھلے دس دنوں میں کورونا کے نئے کیسز کی تعداد ایک ہزار سے کم رہی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کورونا کے کیسز میں کمی کے حوالے سے اب تک تمام اشارے امید افزا ہیں۔

شیئر: