سعودی بحریہ میں فرانسیسی تیز رفتار جنگی بوٹس کی شمولیت
سعودی بحریہ میں فرانسیسی تیز رفتار جنگی بوٹس کی شمولیت
اتوار 20 ستمبر 2020 19:11
فرانس اور سعودی عرب ایک دوسرے سے تعاون کررہے ہیں۔ (فوٹو عکاظ)
سعودی بحریہ کے کمانڈر فہد الغفیلی نے کہا ہے کہ فرانس کی طرف سے دو تیز رفتار جنگی بوٹس ملی ہیں۔
ایچ ایس آئی 32 ساخت کی بوٹس مشرقی ریجن میں تعینات بحری بیڑے میں شامل کی گئی ہیں۔ فرانس اور سعودی عرب بوٹس کی صنعت میں ایک دوسرے سے تعاون کررہے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب فرانس کی ٹی ایم این کمپنی کے ساتھ ایچ ایس آئی 32 ساخت کی بوٹس بنانے اور درآمد کرنے کا معاہدہ کیے ہوئے ہے۔ طے شدہ پروگرام کے مطابق بوٹس کا ایک حصہ فرانس میں تیار کیا جارہا ہے جبکہ دوسرا حصہ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے پروگرام کے تحت مملکت میں بنایا جارہا ہے۔
فرانس نے جو بوٹس سعودی عرب کے حوالے کی ہیں وہ پوری دنیا میں تیز رفتار جدید ترین جنگی بوٹس مانی جارہی ہیں۔
فہد الغفیلی نے جنگی بوٹس بحریہ کے حوالے کرنے کی منعقدہ تقریب میں کہا کہ عموما سعودی افواج اور خصوصا بحریہ کو مسلح افواج کے اعلی کمانڈر شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے لامحدود تعاون حاصل ہے۔
سعودی بحریہ کے کمانڈر نے مزید کہا کہ ایچ ایس آئی 32 ساخت کی تیز رفتار جنگی بوٹس کی بدولت خطے میں سعودی بحریہ کی پوزیشن مضبوط ہوگی۔ حربی استعداد بڑھے گی اور مقابلے کا معیار بلند ہوگا۔ یہ بوٹس سعودی عرب کے سٹراٹیجک اہم مفادات کے تحفظ میں مشرقی بحری بیڑے کا حصہ ہوں گی۔