سعودی خاتون نے پہلی بار ’بلغازی جازان‘ میں سیاحوں کے لیے گھریلو عجائب گھر قائم کیا ہے۔
نورہ الغزوانی اور ان کے شوہر نے ماضی میں گھروں میں استعمال ہونے والے سامان پر مشتمل جازان ریجن کی العیدابی کمشنری میں عجائب گھر بنایا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق بلغازی عجائب گھر میں کئی چیزیں ایسی ہیں جو ایک ہزار برس سے کہیں زیادہ پرانی ہیں۔
جازانی خاندان عجائب گھر میں توسیع کے لیے عوامی مہم بھی چلائے ہوئے ہے۔ مقامی شہریوں سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ اپنے یہاں موجود نوادر تحفے کے طور پر پیش کریں تاکہ انہیں عجائب گھر میں سجایا جا سکے۔
نورہ الغزوانی نے بتایا کہ ہمارے عجائب گھر میں قدیم اسلحہ، آٹا پیسنے والی چکیاں، کرنسی نوٹ، کڑے، کھیتی باڑی کے آلات، پانی اور کھانا محفوظ کرنے والا سامان سجایا گیا ہے۔ بہت سارے نوادر ایسے ہیں جو بلغازی کے باشندوں نے بطور تحفہ پیش کیے ہیں۔
نورہ الغزوانی کا کہنا ہے کہ عجائب گھر کا افتتاح دو ہفتے قبل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل نوادر کی نمائش مختلف مقامات پر کی گئی تھی۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ مقامی شہری گھریلو عجائب گھر کو بنانے، سنوارنے اور وسعت دینے میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔
سعودی خاتون نے مزید کہا کہ یہ سیاحوں اور سیر کے لیے آنے والوں کے لیے قائم کیا جانے والا پہلا گھریلو عجائب گھر ہے۔