Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرمپ کورونا کا شکار، امریکہ میں صدارتی انتخابات ملتوی ہو سکتے ہیں؟

امریکہ میں صدارتی سطح کے انتخابات کبھی ملتوی نہیں ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بیان کے بعد مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔
کیا صدر ٹرمپ کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد امریکہ کے صدارتی انتخابات ملتوی ہوسکتے ہیں؟
اس صورت حال کا 3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات پر کیا اثر پڑے گا؟ اور اس نوعیت کے دیگر اہم سوالات گردش کر رہے ہیں۔
امریکہ کے صدارتی انتخابات کے معاملے پر عالمی میڈیا میں بھی تفصیل سے بات کی جارہی ہے۔
امریکہ کے صف اول کے اخبار نیویارک ٹائمز میں بتایا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے حکام کا کہنا ہے صدر ٹرمپ کی حالت اتنی ابتر نہیں کہ وہ کام جاری نہ رکھ سکیں۔ تاہم اگر ان کی طبعیت ناساز ہو جاتی ہے تو 25 ویں ترمیم کے تحت صدر اپنے اختیارات عارضی طور پر نائب صدر کو منتقل کر سکتے ہیں اور پھر ٹھیک ہونے پر انہیں واپس لے سکتے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 25 ویں ترمیم کو 1967 میں امریکہ کے آئین میں شامل کیا گیا تھا۔ اس کے تحت اگر امریکہ کے صدر کا انتقال ہوجاتا ہے یا وہ استعفیٰ دے دیتے ہیں یا نکال دیے جاتے ہیں یا کسی اور صورت میں اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر پاتے ہیں تو ان کے اختیارات منتقل ہو سکتے ہیں۔
اس کے بعد یہ سوال پیدا ہے کہ آیا صدر اتنخابات ملتوی کروا سکتے ہیں؟
اس بارے میں عالمی جریدے کوارٹز میں بتایا گیا ہے کہ ’صدر کے پاس انتخابات ملتوی کرنے کا اختیار نہیں ہے۔‘

کانگریس کے پاس اختیار ہے کہ وہ انتخابات کے دن کا تعین کرے (فوٹو: اے ایف پی)

1845 کے آرٹیکل 2 کے تحت یہ اختیار کانگریس کا ہے کہ وہ ووٹ ڈالنے کے دن کا تعین کرے۔
بعد ازاں ایک وفاقی قانون کے تحت فیصلہ کیا گیا کہ ووٹ ڈالنے کا دن ہر چار سال بعد نومبر کا پہلا منگل ہوگا۔
تاہم 2004 میں گانگریس کے تھنک ٹینک مانے جانے والے ادارے کانگریشنل ریسرچ سروس نے انتخابات کے ملتوی ہونے کی ممکنہ صورت حال کا جائزہ لیا اور فیصلہ کیا کہ کانگریس انتخابات ملتوی کرنے کا اختیار صدر کو دے سکتی ہے۔
تاہم کوارٹز کے مطابق امریکی کانگریس کی موجودہ صورت حال میں ایسا کرنے کا امکانات کم ہیں۔

کیا امریکہ میں کبھی انتخابات ملتوی ہوئے ہیں؟

کوارٹز کے مطابق امریکہ میں صدارتی سطح کے انتخابات کبھی ملتوی نہیں ہوئے۔

نائن الیون کے بعد قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ صدر بش انتخابات ملتوی کرنے کی کوشش کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)

اس کے برعکس ملک میں انتخابات ملتوی ہونے کی مثال ریاستی سطح پر موجود ہے۔
ان میں سے ایک ریاست نیویارک کے 2001 میں ہونے والے میئر کے انتخابات ہیں جو کہ نائن الیون کے دہشت گرد حملے کہ وجہ سے ملتوی ہوئے تھے اور اس سے قبل فلوریڈا کی ڈیڈ کاؤنٹی کے 1992 میں ہونے والے ابتدائی انتخابات جو کہ ہریکین اینڈریو کی وجہ سے ملتوی ہوئے تھے۔
نائن الیون کے بعد قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ اس وقت کے صدر جارج بش انتخابات ملتوی کرنے کی کوشش کریں گے۔
صدر بُش کی قومی سلامتی کی مشیر کونڈولیزا رائس نے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے سی این این پر کہا تھا کہ 'اس ملک میں تب بھی انتخابات ہوئے تھے جب ہم (حالتِ) جنگ میں تھے، خانہ جنگی کے وقت بھی اور ہمیں انتخابات وقت پر کرانے چاہییں۔'

 

باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: