ریاض میں میوزیکل فوٹو گرافی کی نمائش
ہفتہ 24 اکتوبر 2020 13:37
آرٹ فن پاروں کا تعلق سعودی عرب اور اٹلی کے میوزک ورثے سے ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ڈپلومیٹک زون میں میوزیکل فوٹو گرافی کی نمائش کا افتتاح سعودی عرب میں متعین اطالوی سفیر روبرٹو پینتونی نے کیا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب میں اٹلی کے سفارت خانے نے اطالوی فوٹو گرافر نیکیلی ایڈو کی تصاویر کی نمائش کا اہتمام ڈپلومیٹک زون کے تعاون سے کیا۔ نمائش یکم دسمبر تک جاری رہے گی۔
فوٹوگرافی، اچھوتے آرٹ اور موسیقی سے دلچسپی رکھنے والی مختلف شخصیات نمائش دیکھنے پہنچیں۔
ڈپلومیٹک زون میں مختلف مقامات پر آرٹ فن پارے پیش کیے جارہے ہیں۔ ان میں سے ہر ایک سعودی عرب اور اٹلی کے میوزک ورثے سے تعلق رکھتا ہے۔
سعودی عرب میں متعین اٹلی کے سفیر نے نمائش کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ اطالوی فوٹو گرافر نیکیلی ایڈو پہلی بار سعودی عرب میں اپنے فن پارے پیش کررہے ہیں۔ یہ اٹلی کے ثقافتی منظر نامے میں مشہور ترین اچھوتے فنکاروں سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس نمائش کی بدولت سعودی عرب اور اٹلی ایک دوسرے کو فن اور ثقافت کے آئینے سے دیکھنے اور دریافت کرنے کی کوشش کریں گے۔
ریاض میں ڈپلومیٹک زون ثقافتی قلعے کا درجہ رکھتا ہے۔ یہ متنوع ثقافتوں کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ سعودی عرب میں تعمیر و تمدن کے حوالے سے اس کا منفرد مقام ہے۔ یہاں آئے روز کوئی نہ کوئی ثقافتی پروگرام ہوتا رہتا ہے۔ نئی نمائش اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔