موبائل لیبارٹری سےعلاقےکے رہائشیوں کو سہولت ہو گی۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے الجوف ریجن میں وزارت صحت کی جانب سے موبائل کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ موبائل لیبارٹری سے علاقے میں رہنے والوں کو سہولت ہو گی۔
لیبارٹری میں یومیہ ایک ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے۔ موبائل لیبارٹری میں 10 اہلکار متعین ہیں۔
سعودی عرب کے روزنامے الریاض نے ریجنل ڈائریکٹر ادارہ امور صحت کے حوالے سے کہا ہے کہ کورونا موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹری میں انتہائی جدید ترین مشینیں اور آلات مہیا کیے گئے ہیں جبکہ اعلی تربیت یافتہ عملے کی خدمات بھی لیبارٹری کو حاصل ہے۔
ریجنل ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ مذکورہ موبائل لیبارٹری کی یومیہ صلاحیت ایک ہزار ٹیسٹ تک کی ہے جس کے نتائج 24 گھنٹے کے اندر جاری کر دیئے جاتے ہیں۔
لیبارٹری کو نیٹ ورک کے ذریعے ریجن کے ہسپتالوں سے منسلک کیا گیا ہے جس کے ذریعے فوری طور پر کورونا کے نمونوں کی تجزیاتی رپورٹ ہسپتال کے مرکزی کنٹرول روم میں ارسال کردی جاتی ہے۔