’انانیا کا ڈائیلاگ امریکی اداکارہ کے بیان کا سستا ورژن‘
’انانیا کا ڈائیلاگ امریکی اداکارہ کے بیان کا سستا ورژن‘
ہفتہ 5 دسمبر 2020 8:45
یہ شو چار خواتین کے بارے میں ہے، جوکہ بالی وڈ کے اداکاروں کی اہلیہ ہیں۔ فوٹو: ٹوئٹر
بالی وڈ کے ستاروں اور ان کے اہل خانہ کی زندگیوں سے متعلق ایک شو حال ہی میں نیٹ فلکس پر نشر ہونا شروع ہوا ہے، جسے شائقین اتنے غور سے دیکھ رہے ہیں کہ کبھی کوئی نقطہ پکڑ کر سامنے لے آتے ہیں تو کبھی کوئی۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق 'فیبیولس لائیوز آف بالی وڈ وائوز' کے نام سے نشر ہونے والے شو کی پہلی قسط میں نوجوان اداکارہ انانیا پانڈے ایک سین میں میک اپ کرواتی ہوئی نظر آرہی ہیں، جس دوران وہ کہتی ہیں کہ انہوں نے بچپن میں اپنے والد چنکی پانڈے اور والدہ بھاؤنا پانڈے کو اتنے غیر مناسب الفاظ کہتے ہوئے سنا ہے کہ انہیں ایک وقت لگتا تھا کہ ان کا نام بھی ان الفاظ میں سے ایک ہے۔
اننیا پانڈے کی اس بات پر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہی بات امریکی سلیبریٹی کلوئے کارڈیشین نے بھی 'کیپنگ اپ وتھ دا کارڈیشین' نام کے شو میں کہی تھی۔
سیمون نامی ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا ہے کہ انہیں یقین نہیں آتا کہ کلوئے کاڈیشین نے انانیا پانڈے کی نقل کی ہے۔ 'ایسا سمجھ لیتے ہیں کہ یہ الفاظ کلوئے کارڈیشین کے نہیں تھے۔‘
سرفراز یوسف نام کے صارف نے لکھا ہے کہ انانیا کے ڈائیلاگ 'کلوئے کے ڈائیلاگ کا سستا ورژن ہیں'۔
انانیا پانڈے کو اس شو کی کچھ اقساط میں دیکھا گیا ہے۔
یہ چار خواتین کے بارے میں ہے، جوکہ بالی وڈ کے اداکاروں کی بیویاں ہیں۔