Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بینڈ باجا بارات گینگ‘: شادیوں میں ’چوریاں‘ کروانے والا گروہ گرفتار

اس گینگ میں دو بچوں سمیت سات افراد شامل ہیں۔ (فوٹو: اے بی پی)
انڈیا کے دارالحکومت دہلی میں پولیس نے ’بینڈ باجا بارات‘ نام کے ایک گینگ کو پکڑا ہے جو مبینہ طور پر امیر لوگوں کی شادیوں میں بن بلائے گھس جاتا تھا اور موقع ملتے ہی واردات کر کے وہاں سے رفو چکر ہو جاتا تھا۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق اس گینگ میں دو بچوں سمیت سات افراد شامل ہیں۔  گینگ کے ممبران تربیت یافتہ  تھے اور اگر کوئی ممبر پکڑا جاتا تو وہ دوسروں کے نام نہیں بتایا کرتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شادیوں کے سیزن میں یہ لوگ دہلی اور دیگر شہروں میں جا کر چوری کی وارداتیں کرتے تھے۔

 

پولیس کے مطابق یہ گینگ دیہات سے 10 سے 12 لاکھ انڈین روپوں میں بچوں کو کرائے پر خرید کر ان سے چوریاں کرواتا تھا۔
پولیس نے دو دسمبر کو دہلی میں واردات کر کے اپنے گاؤں واپس جاتے ہوئے گینگ کے پانچ ممبران اور دو بچوں کو گرفتار کیا۔
ایڈیشنل کمشنر پولیس شیبیش سنگھ کا کہنا ہے کہ شادیوں میں وارداتوں کی بہت سی رپورٹس سامنے آنے کے بعد پولیس نے ایک ٹیم بنائی جس نے مختلف شادیوں کی ویڈیوز دیکھیں اور پھر اہلکاروں کو خفیہ طور پر مختلف شادی ہالوں میں تعینات کیا۔
’ویڈیوز دیکھنے کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ یہ گینگ شادی میں کافی وقت گزارتا تھا۔ یہ لوگ اچھے کپڑے پہنتے تھے اور مہمانوں میں گل مل جاتے تھے۔‘
پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس گینگ کی گرفتاری کے بعد شادیوں میں چوری کے آٹھ کیسز حل ہو گئے ہیں۔

شیئر: