Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف: کیا آئین شکنوں کو بے نقاب کرنا غداری ہے؟

’ان کو نواز شریف کا راستہ روکنے کی پڑی ہے۔ میری تقریر پر پابندی لگا دی گئی ہے۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ان کا قصور یہ ہے چند کرداروں کو بے نقاب کر رہے ہیں جو پردہ کے پیچھے بیٹھ کر کھیل کھیلتے ہیں اور شازشیں کرتے ہیں۔
اتوار کو گجرانوالہ میں مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا کنونشن سے ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پی ڈی ایم اور ن لیگ نے اپنا مقدمہ عوام کے پاس لے گئے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’کیا آئین شکنوں کو بے نقاب کرنا غداری ہے۔ کیا یہ بغاوت ہے۔ کیا چوروں کے بے نقاب کرنا غداری ہے؟
 
انہوں نے کہا کہ کیا آپ کو بھٹکانے والے کرداروں کو سامنے لانا غداری ہے؟ کیا ریاست کے اندر ریاست چلانے والوں کو بے نقاب کرنا غدرای ہے؟
 اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا ’کہا جا رہا ہے کہ نواز شریف کا بیانیہ ملک کو کمزور کر رہا ہے۔ انہی غیر قانونی طاقتوں نے پاکستان میں آزادی اظہار کا گلا گھونٹ رکھا ہے۔ لوگوں کو مہنگائی کی چکی میں پیسا جا رہا ہے۔
ان کو نواز شریف کا راستہ روکنے کی پڑی ہے۔ میری تقریر پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ایک منظم پروپیگنڈے کے تحت سچ کو جھوٹ قرار دینے کا کام لیا جا رہا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ آج سوشل میڈیا ایک موثر اور آزاد ذریعہ ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ کیا آپ کو بھٹکانے والے کرداروں کو سامنے لانا غداری ہے؟ (فوٹو: ٹوئٹر)

سوشل میڈیا جابروں کے شکنجے سے کافی حد تک محفوظ ہے۔ سوشل میڈیا ایک خود مختار چینل بن چکا ہے۔ ان لوگوں کے لیے جھوٹ چھپانا مشکل نہیں رہا۔ آپ جتنا آگے بڑھیں گے یہ اتنا پیچھے بھاگیں گے۔ یہ ناقابل شکست ہتھیار ہے جو ہمارے مشن کو کامیاب بنائے گا۔
تقریر کے آخر میں نواز شریف نے کہا ’13 دسمر کو لاہور کے مینار پاکستان میں ملاقات ہوگی۔‘ 
مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا  کہ روز خبر ملتی ہے کہ مہنگائی بڑھ گئی ہے۔ لوگوں کا خرچہ پورا نہیں ہو رہا۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت ایک ایکسپائر اقامہ پر چھینی گئی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

مریم نواز نے مزید کہا کہ کامیابی چار سال حکومت کرنا نہیں بلکہ وہ کام کریں جس کے بعد لوگ آپ کو مدتوں یاد کریں۔

شیئر: