کئی علاقے سردی کی لپیٹ میں، درجۂ حرارت 10 سے بھی کم
عبدالعزیز الحسینی نے بتایا کہ برفانی ہواؤں کی زد میں آنے کی وجہ سے کئی علاقوں میں منگل کی صبح کڑاکے کی سردی محسوس کی گئی (فوٹو: ٹوئٹر)
ماحولیات اور موسمیات کے محقق عبدالعزیز الحسینی نے بتایا ہے کہ منگل کی صبح سعودی عرب کے اکثر علاقے سردی کی لپیٹ میں آئے ہیں اور کئی مقامات پر درجۂ حرارت دس سے بھی کم ریکارڈ کیا گیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ سردی کی اس لہر کا سبب قطب شمالی سے جنم لیے والی ٹھنڈک ہے جو مملکت کے کئی حصوں کو متاثر کر رہی ہے۔
عبدالعزیز الحسینی نے بتایا کہ برفانی ہواؤں کی زد میں آنے کی وجہ سے کئی علاقوں میں منگل کی صبح کڑاکے کی سردی محسوس کی گئی۔
اخبار چوبیس کے مطابق دارالحکومت ریاض میں درجۂ حرارت 10 سے بھی کم تھا اور صبح کے وقت نو ریکارڈ کیا گیا جبکہ شاہ خالد ایئر پورٹ پر درجہ حرارت آٹھ تک ریکارڈ کیا گیا۔
ماحولیات اور موسمیات کے محقق نے بتایا کہ قطب سے مملکت کی جانب چلنے والی ہواؤں کی وجہ سے منگل کی صبح مکہ میں درجہ حرارت 19، مدینہ منورہ میں 13، جدہ میں 22، الاحسا میں 11 اور الجوف میں 10 ریکارڈ کیا گیا۔
دریں اثنا مملکت کے کئی علاقوں میں گو موسم میں واضح تبدیلی کے آثار نہیں تھے البتہ شمالی، مشرقی اور وسطی علاقوں میں دھند پھیلنے کا امکان ہے۔ محکمے نے شمالی علاقوں میں دھند کے بارے میں الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ قسیم میں منگل کی صبح دھند زیادہ ہونے کا امکان ہے اور حدِ نگاہ بھی متاثر ہو سکتی ہے۔