سینیٹ الیکشن وقت سے پہلے کرائیں گے: عمران خان
عمران خان کے مطابق ماضی میں سینیٹ کے انتخابات پر پیسہ چلتا تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن وقت کے پہلے کرائیں گے۔
بدھ کو پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کے لیے شو آف ہینڈز کے ذریعے سینیٹ الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم نے اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’ یہ سارا ڈرامہ ہو رہا ہے، ان کا خیال ہے کہ سینیٹ کا الیکشن نہ ہو، وہ تو فیل ہونا ہے کیونکہ ہم الیکشن پہلے کرائیں گے۔‘
’دوسری بات یہ ہے کہ پاکستان میں سینیٹ کے الیکشنوں میں پیسہ چلتا ہے۔ پچھلی مرتبہ ہم نے 20 لوگ پارٹی سے نکال دیا کیونکہ پتہ چلا انہوں نے پیسے لیے۔ اس لیے ہم شو آف ہئنڈز کی طرف جارہے ہیں۔‘
وزیر اعظم نے کہا کہ ’ہمیں اٹارنی جنرل نے بتایا کہ آئین میں ترمیم کے بغیر بھی ہو سکتا ہے اس لیے ہم اس بات کو سپریم کورٹ کے سامنے رکھ رہے ہیں۔‘
عمران خان کے مطابق ماضی میں سینیٹ کے انتخابات پر پیسہ چلتا تھا۔
اپوزیشن کے اتحاد پی ڈی ایم کے بارے میں کہنا تھا کہ ’یہ کہتے ہیں ہم نے کب این آر او مانگا، انہوں نے نیب کی 34 ترامیم کے معاملے پر لکھ کر این آر او مانگا۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’انہوں نے جو ترامیم دیں اس کا مطلب نیب کو دفن کرنے کے مترادف تھا۔‘
پی ڈی ایم کی تحریک کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا ’پوری قوم نے دیکھا جب یہ جلسہ کررہے تھے تو میں کتنا پریشان تھا۔‘
’اپوزیشن کے خلاف کیسز ہماری حکومت میں نہیں بنے، اپوزیشن جن کیسز کا سامنا کر رہی وہ ماضی میں قائم ہوئے۔ ہماری حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں۔‘
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کے درمیاں ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
پی پی پی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے سینیٹ انتخابات اور پی ڈی ایم کی حکمت عملی کے بارے میں خیالات کا تبادلہ کیا۔
پریس ریلیز کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان اتفاق ہوا کہ کسی بھی غیر آئینی ذرائع کو سینیٹ میں 2018 کے انتخابات کے ماڈل کو نقل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔