Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بہت ٹارچر برداشت کیا‘، محمد عامر کا کرکٹ چھوڑنے کا اعلان

پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا ہے کہ وہ کرکٹ بورڈ کی موجودہ انتظامیہ کے ہوتے ہوئے مزید نہیں کھیل سکتے اس لیے انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑ رہے ہیں۔
ایک ویڈیو بیان میں محمد عامر کا کہنا تھا کہ موجودہ ٹیم مینجمنٹ ان کو ذہنی ٹارچر کر رہی ہے اور وہ موجود صورتحال میں ذہنی دباؤ برداشت نہیں کر سکتے۔
 محمد عامر نے کہا کہ پرفارمنس کے باوجود مجھ پر طنز کیا جاتا یے، موجودہ کوچز دبے لفظوں میں کہتے ہیں عامر نے دھوکہ دیا۔ ’ مجھے پلاننگ کے تحت سائیڈ لائن کیا گیا، میرے بارے میں تاثر قائم کیا گیا کہ میں ملک کیلئے نہیں کھیلنا چاہتا۔ میرے ذاتی فیصلے کو لیگ سے منسلک کیا گیا اور کہا گیا کہ ملک کے لیے نہیں کھیلنا چاہتا، حالانکہ ایسی کوئی بات نہیں۔‘
محمد عامر نے اپنے بیان میں کہا کہ پی سی بی کی موجودہ مینجمنٹ کے ساتھ کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔ ’جس طرح کا ماحول بن چکا ہے مجھے نہیں لگتا کہ مزید کرکٹ کھیل سکتا ہوں۔ 2010 سے 2015 تک بہت ٹارچر برداشت کیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کیے کی سزا بھگت چکے ہیں اور ان کا ساتھ صرف دو لوگوں، نجم سیٹھی اور شاہد آفریدی نے دیا تھا۔ دونوں کا ہمیشہ شکرگزار رہوں گا۔ 
محمد عامر کے کرکٹ چھوڑنے کے اعلان پر  پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے فاسٹ بولر سے رابطہ کیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق کسی انٹرنیشنل میچ کے لیے محمد عامر کے نام پرغور نہیں کیا جائے گا، یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے۔
پی سی بی کے مطابق پی سی بی محمد عامر کے فیصلے کا احترام کرتا ہے۔

شیئر: