جازانی شہد لذت اور خوشبو کے باعث دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتا ہے۔ (فوٹو: سبق)
گورنر جازان شہزادہ محمد بن ناصر بن عبدالعزیز نے چھٹے ’جازان شہد میلے‘ کا افتتاح کردیا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہد میلے کا انتظام العیدابی کمشنری کے مرکزی گراؤنڈ میں کیا گیا ہے۔
شہد میلے کا افتتاح کرنے کے بعد گورنر نے میلے میں لگائے جانے والے سٹالز کا دورہ کیا جہاں انہیں انواع و اقسام کے شہد کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
میلے میں شہد کی صنعت سے وابستہ 38 گروپس نے اپنے سٹالز لگائے ہیں۔
جازانی شہد اپنی مثالی لذت اور خوشبو کی وجہ سے دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتا ہے۔
چھٹے شہد میلے کا افتتاح کرنے کے بعد گورنر جازان نے وہاں لگائے جانے والی ثقافتی اشیا کی نمائش بھی دیکھی جس کی تیاری جازان کے مقامی خاندانوں نے کی تھی۔
گورنر نے میلے میں لگائے جانے والے ریجنل بلدیہ کے سٹال کا بھی دورہ کیا جہاں علاقے کے انجام دیے جانے والے ترقیاتی امور کے علاوہ آئندہ کے منصوبوں کے حوالے سے بھی تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
واضح رہے جازانی شہد سعودی عرب میں فروخت ہونے والے شہد میں سب سے مہنگا شہد تصور کیا جاتا ہے۔
شہد کی صنعت سے منسلک ماہرین کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے وہاں پالی جانے والی شہد کی مکھیوں کو انواع و اقسام کے پھولوں کا رس حاصل کرنے میں کسی قسم کی دقت نہیں ہوتی اسی لیے اس علاقے کا شہد غیر معمولی خصوصیت کا حامل ہے۔