وزیر اعلیٰ پنجاب کورونا کا شکار: ’پی ڈی ایم جلسوں کا نتیجہ‘
وزیر اعلیٰ پنجاب کو ڈاکٹرز نے آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ فوٹو ٹوئٹر
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں حکومت کے ایک ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے ایک ترجمان اظہر مشوانی نے ٹویٹ میں تصدیق کی ہے کہ عثمان بزدار کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی طبیعت ناساز ہے، انہوں نے تمام مصروفیات ترک کر دی ہیں۔ ڈاکٹرز نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔
وزیراعلی پنجاب کی معاون برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعلی کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تو ساتھ ہی اسے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی کارستانیوں کا نتیجہ قرار دے دیا۔ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’تمام تر احتیاط کے باوجود وزیراعلی پنجاب بھی کورونا میں مبتلا ہو گئے‘۔
ن لیگ پنجاب کی انفارمیشن سیکرٹری عظمی بخاری نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی ٹویٹ میں کی گئی تنقید کا جواب دیا تو ان سے طنز بھرا شکوہ کرتے ہوئے کہا ’اوہو آپ پہلے بتا دیتی کہ وہ جلسہ دیکھنے آئے تھے تو میں اناؤنسمنٹ کروا دیتی، ان کو دھکے نہ کھانے پڑتے‘۔
معاون برائے اطلاعات کی ٹویٹ پر ہونے والی گفتگو مخالف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں تک ہی محدود نہ رہی بلکہ دیگر یوزرز بھی اس کا حصہ بنے۔ یہ گفتگو اتنی بڑھی کہ ٹویٹ، ری ٹویٹس، جوابی ٹویٹس اور ریپلائز نے بیماری جیسے پریشان کن معاملے کو طعنوں، طنز اور تنقید کے موقعے میں بدل ڈالا۔
صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، اعلی عسکری قیادت، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور پنجاب کابینہ کے وزراء نے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان بھر میں ایک ہزار 792 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص کی گئی ہے، جبکہ 60 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اس وقت کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 40 ہزار 491 ہے۔
علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کی سینیٹر کلثوم پروین بھی آج پیر کے روز کورونا کے باعث انتقال کر گئیں۔
پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کلثوم پروین کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نڈر اور سینیئر رکن پارلیمنٹ ہونے کے علاوہ وفاق میں بلوچستان کی ایک مؤثر آواز تھیں۔
نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ کلثوم پروین نے ہمیشہ بلوچستان کے حقوق کی جنگ لڑی۔