Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ مصباح الحق کی ’قربانی‘

مصباح الحق گزشتہ پانچ برس سے اسلام آباد یونائیٹڈ سے وابستہ رہے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان سپر لیگ میں اپنی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو دو مرتبہ چیمپیئن بنوانے والے مصباح الحق کے متعلق فرنچائز نے اعلان کیا ہے کہ ان سے کیے گئے معاہدے کی تجدید نہیں کی جا رہی۔
پی ایس ایل کے اب تک ہونے والے پانچ سیزنز میں سے دو کی فاتح رہنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ نے مصباح الحق سے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا اعلان سوشل میڈیا پر شیئر بھی کیا۔

ٹیم کے اعلان کے بعد اس وقت قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ کی ذمہ داریاں ادا کرنے والے مصباح الحق نے بھی ٹویٹ ہی کے ذریعے ان کا شکریہ ادا کیا۔

جمعرات کی شام سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آنے والے اعلان کے بعد صارفین نے کہیں اسے معمول کی پیشرفت مانا، کچھ نے فیصلے پر تنقید کی تو کچھ ایسے بھی تھے جو اس کی وجہ جاننے یا قومی ٹیم کی جانب سے بھی ایسے ہی فیصلے کے خواہاں دکھائی دیے۔
ڈاکٹر اے نامی ہینڈل نے اپنی ٹویٹ میں مصباح الحق کو مخاطب کیا تو لکھا کہ ’پاکستانی ٹیم کے کوچ کے طور پر بھی مستعفی ہو جائیں۔‘
 

ساقی نامی صارف نے مصباح الحق کا شکریہ ادا کیا تو ان پر تنقید کرنے والوں کے متعلق کہا کہ ’وہ طویل المعیاد بنیادوں پر کیے جانے والے فیصلوں کو سمجھ نہیں رہے‘۔
 

اسلام آباد یونائیٹڈ نے تفصیلی پریس ریلیز میں معاہدے کی مزید تجدید نہ ہو سکنے کے سبب کی بھی نشاندہی کی۔
پی ایس ایل فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کا کہنا تھا کہ ’قومی ٹیم کے ساتھ مصباح الحق کی مصروفیت اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مفادات کے ٹکراؤ سے متعلق نئے قوانین اس کا باعث ہیں۔
مصباح الحق نے فرنچائز کے حالیہ فیصلے پر کیے گئے تبصرے میں کہا کہ ’وہ گزشتہ پانچ برسوں میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے بننے والے تعلق کو محسوس کرتے ہیں لیکن وہ مسلسل آنے والے ٹی ٹوئنٹی میچز کی وجہ سے غیرجانبدار انداز میں پی ایس ایل پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔  قومی ٹیم کے ساتھ وابستہ ہر فرد کو اپنی ذمہ داری کو ترجیح دینی چاہیے اسی لیے میں فرنچائز سے اپنی وابستگی کی قربانی دے رہا ہوں۔‘
مصباح الحق پی ایس ایل میں بطور کپتان اور بعد میں ہیڈ کوچ کے طور پر اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ رہے ہیں۔ 2016 اور 2018 میں انہی کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

شیئر: