Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے سعودی عرب سے پاکستان کے لیے رواں ہفتے 40 پروازیں چلائے گی

مملکت میں حالیہ سفری پابندیوں کے باعث پی آئی اے کی 44 پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی حکومت کی جانب سے سفری پابندیوں میں نرمی کے اعلان کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے رواں ہفتے مملکت کے لیے 40 پروازیں شیڈول کی ہیں۔ 
ترجمان پی آئی اے کے مطابق 'سعودی عرب کے لیے رواں ہفتے 40 یکطرفہ پروازیں ترتیب دی گئی ہیں اور مسافروں کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔'
خیال رہے سعودی حکام کی جانب سے غیر ملکیوں کو مملکت سے باہر جانے کی اجازت دی گئی ہے تاہم مملکت میں داخلے پرپابندی میں مزید ایک ہفتے کی  توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق 'عمرہ زائرین اور بیشتر پاکستانی اس وقت سعودی عرب میں موجود ہیں اور ان کو واپسی میں کسی قسم کی دشواری سے بچانے کے لیے فلائیٹ آپریشن بحال کیا گیا ہے۔' 
ترجمان کے مطابق 'اس وقت یہ بتانا قبل از وقت ہوگا کہ کتنے پاکستانی پاکستان واپس آنے کی خواہش رکھتے ہیں تاہم ایک دو روز میں صورتحال واضح ہو جائے گی۔‘ 
پی آئی اے کی رواں ہفتے یکطرفہ پروازوں میں جدہ سے 10، ریاض سے 16، دمام سے چھ، مدینہ سے پانچ جبکہ القصیم سے دو پرواز پاکستان کے لیے شیڈول ہیں۔
خیال رہے کہ مملکت میں حالیہ سفری پابندیوں کے باعث پی آئی اے کی 44 پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں جس کی ری فنڈ پالیسی کا اعلان آئندہ چند روز میں کر دیا جائے گا۔

شیئر: