Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا کی نئی قسم پاکستان پہنچ گئی، تین افراد میں تصدیق‘

محکمہ صحت کے مطابق 12 میں سے 6 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا (فوٹو:اے ایف پی)
پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز سامنے آ گئے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق برطانیہ سے آنے والے تین مسافروں میں نئے کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
منگل کو محکمہ صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق برطانیہ سے آنے والے 12 افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے نمونے لیے گئے۔
محکمہ صحت کے مطابق 12 میں سے 6 مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جن میں سے تین افرد میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی تصدیق ہوئی۔ ان افراد سے رابطے میں آنے والے تمام افراد کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق جینو ٹائپنگ کے پہلے مرحلے میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ سیمپلز 95 فیصد برطانیہ کے نمونوں سے ملتے جلتے ہیں۔ ان نمونوں کوجینو ٹائپنگ کے دوسرے مرحلےسے گزارا جائے گا۔
کورونا وائرس کی نئی شکل کے کیسز سب سے پہلے برطانیہ میں سامنے آئے تھے۔ اس نئی قسم کے بارے میں سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اب وائرس کے ایک دوسرے میں منتقل ہونے کا تناسب 70 فیصد زیادہ بڑھ گیا ہے۔ 
دریں اثنا وفاقی وزارت صحت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ یو کے سے آنے والے وائرس کی نئی قسم کا شکار افراد کو مخصوص لیبارٹریوں کے ذریعے جانچا جا رہا ہے۔
وزارت صحت کے مطابق اس وقت پانچ سیمپل زیرغور ہیں جن میں سے تین آغا خان ہسپتال کراچی اور دو نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد میں ہیں۔
مشتبہ کیسز کے حوالے سے مزید تحقیق کی جا رہی تاہم حتمی نتائج آنے میں چند دن لگ سکتے ہیں۔

شیئر: