Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجران میں قتل کے مجرم سعودی شہری کا سر قلم 

سعودی وزارت داخلہ نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرایا ہے۔(فوٹو سبق)
سعودی وزارت داخلہ نے نجران میں ایک مجرم کے خلاف جان کے بدلے جان کے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرایا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ سعودی شہری سالم بن ناصربن سالم الکربی نے اپنے ہموطن داود بن محمد بن سالم الکربی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔ 
بیان میں کہا گیا کہ ملزم سالم الکربی واردات کے بعد فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے تلاش کرکے اسے گرفتار کیا اور پوچھ گچھ  کے بعد اس پر ہموطن کے بالقصد قتل کی فرد جرم عائد کردی۔
جنرل کورٹ نے تمام شواہد ملنے پر سالم الکربی کو اسلامی قانون جان کے بدلے جان کے بموجب موت کی سزا سنائی تھی۔ 
وزارت داخلہ نے بیان میں مزید کہا کہ چونکہ مقتول کے ورثا نابالغ تھے اس وجہ سے قصاص کے فیصلے پرعمل درآمد ملتوی کردیا گیا تھا۔
 وارثوں کے سن بلوغت کو پہنچنے کے بعد ان کے اس مطالبے پر کہ قاتل سے ان کے باپ کا بدلہ لیا جائے، عدالت نے قصاص کا جو حکم جاری کیا ہے اسے نافذ کیا جائے۔

شیئر: