Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: سرکاری ملازمین کے لیے ہر دو ہفتے بعد کورونا ٹیسٹ لازمی

 تمام ملازمین اپنے خرچ پر یہ ٹیسٹ کرائیں گے(فوٹو گلف نیوز)
 متحدہ عرب امارات  نے تمام وزارتوں اور وفاقی اداروں کے ملازمین کےلیے ہر 14 روز بعد کووڈ 19 پی سی آر ٹیسٹ لازمی قراردیا ہے۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام  کے مطابق اس فیصلے پر 17 جنوری 2021 سے عملدرآمد شروع ہوگا۔
گورنمنٹ ہیومن ریسورسز کی فیڈرل اتھارٹی کی طرف سے جاری سرکولر کے مطابق حکومت کا یہ اقدام  وائرس کے پھیلاؤ کو زیادہ سے زیادہ حد تک روکنا، ملازمین کی صحت کو یقینی بنانا اور کام کرنے کے ماحول کو محفوظ بنائے رکھنا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ 14 روز بعد لازمی ٹیسٹ کے قاعدے کا اطلاق آؤٹ سورس ملازمین اور کل وقتی ملازمین رکھنے والی پبلک سروس کمپنیوں پر بھی ہوگا۔

فیصلے پر 17 جنوری 2021 سے عملدرآمد شروع ہوگا۔(فوٹو روئٹرز)

حکومتی اداروں سے ڈیلنگ کرنے والی ماہر خدماتی کمپنیوں کو بھی اپنے عملہ کا نیگٹو پی سی آر ٹیسٹ لازمی پیش کرنا ہوگا جوکہ تین دن سے زیادہ پرانا نہ ہو۔
 تمام ملازمین اپنے خرچ پر یہ ٹیسٹ کرائیں گے تاہم اس میں وہ ملازمین شامل نہیں ہیں جنہیں سرکاری صحت حکام نے خرابی صحت کی بنیاد پر ویکسین لینے سے استثنی دے رکھا ہے۔ اس صورت میں اس ملازم کا آجر اس ٹیسٹ کے اخراجات ادا کرے گا۔
کووڈ 19 کی ویکسین لینے والوں کو اس نئے قاعدہ سے استثنی دیا گیا ہے۔ امارات کے تمام سرکاری صحت مراکز اور کئی نجی ہسپتالوں میں کووڈ 19 کی ویکسین مفت دستیاب ہے۔
دریں اثنا متحدہ عرب امارات میں پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے ریکارڈ دو ہزار 67 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرین کی تعداد بڑھ کر دو لاکھ اٹھارہ ہزار 766 ہوگئی ہے۔

پچھلے چوبیس گھنٹے میں کورونا کے دو ہزار 67 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔(فوٹو گلف نیوز)

نئے مریض مختلف قومیتوں سے تعلق رکھتے ہیں، تمام کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ضروری طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام نے وزارت صحت و تحفظ کے حوالے سے بتایا کہ پچھلے چوبیس گھنٹے میں ایک لاکھ 95 ہزار520 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔
اعداد وشمار کے مطابق بدھ چھ جنوری کو پچھلے چوبیس گھنٹے میں دو ہزار 199 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ شفا پانے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ  کر ایک لاکھ 95 ہزار 520 ہوچکی ہے۔
 امارات میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا سے چارافراد ہلاک ہوئے۔ مرنے والوں کی تعداد 689 ہو گئی ہے۔
وزارت صحت نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلے کی پابندی پر عمل کیا جائے۔

شیئر: