قطرایئر ویز کا سعودی عرب کی فضائی حدود کا استعمال
امیر کویت کی تجویز پر سعودی عرب اور قطر کے مابین سرحدیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
قطر کی قومی ایئرلائن نے کچھ پروازوں کا رُخ بدل کر انہیں سعودی عرب کی فضائی حدود سے گزارنے کا آغاز کر دیا ہے۔
پروازوں کا دوبارہ آغاز سعودی عرب کی جانب سے سرحدیں کھلنے کے بعد کیا گیا ہے۔
العربیہ ٹی وی کے مطابق قطر ایئرویز کی پہلی پرواز جمعرات کی رات سعودی عرب کی فضائی حدود سے گزری جو دوحہ سے جوہانسبرگ کے لیے تھی۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر 2017 میں قطر سے تعلقات منقطع کر دیے تھے۔
تاہم خلیج تعاون کونسل کے ممبر ممالک نے رواں ہفتے کے آغاز میں خلیجی سربراہی کانفرنس کے موقع پر العلا اعلامیے پر دستخط کیے جس سے قطر کے ساتھ موثر تعلقات بحال ہوئے۔
کویت کے امیر شیخ نواف نے سعودی عرب اور قطر کے درمیان زمینی اور بحری سرحدیں کھولنے کی تجویز پیش کی تھی۔
ذرائع نے العربیہ کو بتایا کہ مصر بھی بہت جلد قطر کے ساتھ اپنا فضائی رابطہ بحال کرے گا تاہم یہ مصر کی جانب سے شرائط پر منحصر ہوگا۔