بجلی بریک ڈاؤن پر پاور جنریشن کمپنی گدو کے سات ملازمین معطل
اتوار 10 جنوری 2021 18:50
سنیچر کو رات گئے بجلی کے ترسیلی نظام میں تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر کی بجلی بند ہوگئی تھی (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب ہونے والے بجلی کے ایک بڑے بریک ڈاؤن پر سینٹرل پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ (سیی جی سی ایل) گدو کے سات افسران اور ملازمیں کو معطل کر دیا گیا ہے۔
سی پی جی سی ایل گدو کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی جانب سے جاری آفس آرڈر کے مطابق مذکورہ ملازمین کو ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر معطل کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ملک میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا۔
معطل کیے گئے افسران میں ایڈیشنل پلانٹ منیجر سہیل احمد، جونیئر انجینئر دیدار علی چنا، فورمین علی حسن گولو، آپریٹرز ایاز حسین ڈاہر، سید احمد اور اٹنڈنٹ سراج احمد میمن اور الیاس احمد شامل ہیں۔
آفس آرڈر کے مطابق معطل ملازمین معطلی کے دوران پاور ہاؤس کے مین گیٹ پر ڈپٹی منیجر سکیورٹی کی نگرانی میں حاضری لگائیں گے جب کہ افسران چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے دفتر میں حاضری لگائیں گے۔
خیال رہے پاکستان میں سنیچر کو رات گئے بجلی کے ترسیلی نظام میں تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر کی بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اور یک دم پورے ملک میں تاریکی چھا گئی۔
اتوار کو وزیر توانائی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ’سنیچر کو گیارہ بج کر 41 منٹ پر گدو پاور پلانٹ میں خرابی پیدا ہوئی اور اس کے بعد سسٹم نے خود کو بند کرنا شروع کر دیا۔‘
اتوار کی صبح سے پاکستان میں بجلی کی فراہمی مرحلہ وار شروع ہوگئی تھی تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک خرابی کا تعین نہیں کیا جاسکا۔