فضائی نقل و حمل کی اسامیوں پر بھی سعودائزیشن کا اعلان
فضائی نقل و حمل کی اسامیوں پر بھی سعودائزیشن کا اعلان
منگل 19 جنوری 2021 18:40
مختلف شعبوں میں دس ہزار سعودی تعینات کیے جائیں گے۔ (فوٹو عاجل)
سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے فضائی نقل وحمل کی اسامیوں کی سعودائزیشن کا اعلان کیا ہے۔
سعودی وژن 2030 کا بڑا ہدف پورا کرنے کے لیے مختلف شعبوں میں دس ہزار سعودی تعینات کیے جائیں گے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی نے بیان میں کہ آئندہ تین برسوں کے دوران فضائی نقل و حمل کے شعبے میں 28 سپیشلسٹ پیشوں پر سعودی تعینات ہوں گے۔
محکمہ شہری ہوابازی نے تمام فضائی کمپنیوں، اصلاح و مرمت کے ٹھیکے داروں اور تمام ہوائی اڈوں پر مختلف خدمات پیش کرنے والوں کو تحریری طور پر ہدایت دی ہے کہ وہ سعودائزیشن کے پروگرام کی پابندی کریں۔
محکمہ شہری ہوابازی نے تنبیہ کی ہے کہ سعودائزیشن کے پروگرام پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے سپیشل ٹیمیں ہر ماہ تفتیشی دورے کریں گی۔
محمہ شہری ہوابازی نے بتایا کہ سعودائزیشن کا یہ پروگرام وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود اور سرکاری و نجی اداروں میں روزگار کے قومی پروگرام نے مل کر تیار کیا ہے۔
مقررہ پروگرام کے مطابق ہواباز، ایئر ہوسٹس، ایئر کنٹرولر، زمینی خدمات اور فیلڈ کوآرڈینیٹر، کارگو، لگیج، مسافر، کینٹین وغیرہ میں سعودی تعینات کیے جائیں گے۔