’فلم سولجر کی شوٹنگ میں بوبی دیول کی ساتھی اداکارہ کم اور ذاتی اسسٹنٹ زیادہ تھی‘
پریتی زنتا کی پہلی فلم سولجر بوبی دیول کے ساتھ تھی (فوٹو: پریتی زنتا انسٹا گرام)
بالی وڈ اداکارہ پریتی زنٹا نے اپنے ساتھی اداکار بوبی دیول کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے کچھ پرانی یادیں بھی تازہ کر ڈالیں۔
پریتی زنٹا نے فلم سولجر کی شوٹنگ کی یادیں دہراتے ہوئے کہا کہ ’اس فلم میں نہ صرف وہ بوبی دیول کے ساتھ بطور ہیروئن اداکاری کر رہی تھیں، بلکہ وہ ان کی پرسنل اسسٹنٹ کے فرائض بھی نبھا رہی تھیں۔‘
ڈمپل گرل نے اپنے انسٹاگرام پیج پر بوبی دیول کے ساتھ فلم سولجر کے ایک گانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے چند یادگار لمحات تحریر کیے ہیں۔
پریتی زنٹا کا کہنا تھا کہ ’نیوزی لینڈ میں فلم کی شوٹنگ کے دوران وہ بوبی دیول کے کپڑوں کی شاپنگ پر ان کے ہمراہ جاتی تھیں، کہ آخر میں انہیں ایسا محسوس ہونا شروع ہو گیا تھا کہ وہ ساتھی اداکارہ کم اور بوبی دیول کی ذاتی اسسٹنٹ زیادہ ہیں۔‘
بولی وڈ ہیروین نے سالگرہ کی پوسٹ میں کہا کہ ’انہیں ابھی تک یاد ہے کہ کس طرح سے شوٹنگ کے دوران بوبی دیول نے افواہ پھیلا دی تھی کہ حقیقت میں ان کا نام پریتی نہیں بلکہ پریتم سنگھ ہے۔‘
لیکن ساتھ ہی پریتی زنٹا نے بوبی دیول کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں تم سے سب سے زیادہ پیار کرتی ہوں، اور تم فلم میں بہت اچھے لگ رہے تھے۔‘
پریتی نے بوبی دیول کو ڈھیر ساری خوشیوں، کامیابی اور پیار کی دعائیں دیں۔
یاد رہے کہ بالی وڈ فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بعد پریتی زنٹا کی پہلی فلم سولجر تھی جس میں انہوں نے بوبی دیول کے ساتھ ہیروئن کے طور پر کام کیا تھا۔
لیکن ’دل سے‘ فلم اس سے پہلے ریلیز ہو گئی تھی جس میں ان کے ہیرو عامر خان تھے۔
گذشتہ سال نومبر میں پریتی زنٹا نے فلم سولجر کے 22 سال مکمل ہونے پر چند خصوصی لمحات کی یادیں تازہ کی تھیں۔