حافظ طلبا کے اعزاز میں آن لائن تقریب بھی منعقد کی گئی (فوٹو، سبق)
کورونا وائرس کی وبائی صورتحال کے سبب جہاں تعلیمی ادارے تاحال بند ہیں وہاں مساجد میں تحفیظ القرآن کریم کے حلقے بھی بند ہیں ۔
الافلاج کمشنری میں کورونا وائرس کی وبا کے بعد تحفیظ قرآن کریم کے متعدد حلقوں نے آن لائن کلاسوں کا آغاز کیا تاکہ طلبا و طالبات کو انکے گھروں پر ہی احتیاطی تدابیر کے تحت حفظ قرآن کریم کی کلاسیں دی جاسکیں۔
ویب نیوز ’سبق ‘ کے مطابق الافلاج کمشنری میں 5 کم عمر طلبا نے آن لائن درس قرآن کے ذریعے حفظ مکمل کیا۔ جمعیہ تحفیظ قرآن کریم کی جانب سے آن لائن کلاسوں کے اجرا سے ان طلبا کوکافی سہولت ہوئی کیونکہ کورونا کے باعث مساجد میں حفظ قرآن کی کلاسیں بند کردی گئی تھیں۔
جمعیہ تحفیظ قرآن کریم الافلاج کمشنری کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ آن لائن کلاسوس کا سلسلہ جاری ہے جس کے ذریعے حسن قرآت اور حفظ کی کلاسیں لی جاتی ہے ۔
حفظ مکمل کرنے والے پانچ طلبا میں سے دو مسجد الاحسان ، دوطلبا مسجد الفرقان جبکہ ایک طالب علم کا تعلق جامع مسجد التوحید سے ہے۔
جمعیہ تحفیظ قرآن کریم کی جانب سے حفظ مکمل کرنے والے طلبا کے اعزاز میں آن لائن تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں طلبا کے والدین اور دیگر لوگ بھی شریک ہوئے۔
طلبا کو اس موقع پر قیمتی تحائف اور سرٹیفکیٹ بھی دیئے گئے ۔