ایک برس سے تنخواہ ملی نہ اقامہ تجدید ہوا، کیا کریں؟
ایک برس سے تنخواہ ملی نہ اقامہ تجدید ہوا، کیا کریں؟
ہفتہ 30 جنوری 2021 5:16
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، جدہ
وزارت افرادی قوت کی عدالت میں کیس دائر کریں (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پر عمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے۔ آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہے ان سے آگاہی ضروری ہے۔
اردو نیوز کے قارئین نے اپنے مسائل اور قوانین کے حوالے سے مزید سوالات ارسال کیے ہیں جن کے جوابات پیش کیے جا رہے ہیں-
احمد عبدالاحد کا سوال ہے میں نے 10 برس ایک موسسہ میں کام کیا تھا 2 برس قبل خروج وعودہ پر پاکستان آیا جو کہ 6 ماہ کےلیے تھا مگر بعض ذاتی وجوہ کے سبب واپس نہ لوٹ سکا۔ کفیل سے بات ہوئی وہ دوبارہ بلانے پر راضی ہے معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا وہی خروج وعودہ دوبارہ تجدید ہو سکتا ہے یا نہیں؟
جواب۔ آپ خروج وعودہ پر گئے تھے اور واپس نہیں آئے، مقررہ مدت بھی ختم ہوئے سال سے زیادہ ہو چکا اس لیے آپ پر خروج وعودہ کی خلاف ورزی درج ہو گئی ہو گی جس کے مطابق آپ پر 3 برس کےلیے پابندی کے قانون کا اطلاق ہو گا۔
ایسے افراد جو خروج وعودہ کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں وہ کسی دوسرے ویزے پرتین برس کےلیے مملکت نہیں آسکتے۔
جہاں تک آپ کا سوال ہے کہ آپ کا سابق کفیل دوبارہ آپ کو بلانا چاہتا ہے تو اس کا طریقہ یہ ہے کہ کفیل دوسرا ویزا جاری کرے گا اور نئے سرے سے آپ ایمبیسی کے ذریعے ویزا سٹمپ کرائیں گے۔
نیا ویزا سٹمپ کراتے وقت سابق کفیل کے بارے میں معلومات سفارت خانے کو مہیا کردیں تاکہ وہ قانون کے مطابق آپ کا ویزا پراسیس کریں۔
جہاں تک پرانے خروج وعودہ کی تجدید کے حوالے سے سوال ہے تو یہ حالیہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران جاری کی گئی سہولت ہے مگر آپ کا کیس پرانا ہے۔ اس لیے آپ اپنے کفیل کے دوسرے ویزے پر مملکت آسکتے ہیں پرانے پر نہیں کیونکہ پرانا ویزا محکمہ امیگریشن کے سسٹم میں سیز ہو چکا ہوگا اور وہ ’خرج ولم یعد‘ کیٹگری میں درج کیا جاچکا ہوگا۔
طارق عزیز ۔نے استفسار کیا ہے کہ پاکستان سے سعودی عرب جانے والے مسافر کتنے سگریٹ اور نسوار اپنے ہمراہ لے جاسکتے ہیں ؟
جواب ۔ سعودی عرب میں نسوار ممنوعہ اشیا میں شامل ہے اس پر پابندی عائد ہے اس لیے ممنوعہ اشیا لانے کی کوشش نہ کریں جبکہ ایک مسافرکو دو سو سگریٹ لانے کی اجازت سے اس سے زیادہ تجارتی مقاصد کے لیے شمارکی جائیں گی جو محکمہ کسٹم کے قوانین کی خلاف ورزی شمار ہوگی۔
گزشتہ برس سے محکمہ کسٹم کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایت کے مطابق ایک مسافر اپنے ہمراہ 200 سگریٹ یا زیادہ سے زیادہ 3 کلو تمباکو لاسکتا ہے۔ اس سے زیادہ سگریٹ یا تمباکو ہونے پر انہیں ضبط کر کے کسٹم ڈیوٹی عائد کی جائے گی۔
شوکت کیانی کا سوال ہے ایک برس سے تنخواہ نہیں ملی اور دو سال سے اقامہ تجدید نہیں کیا گیا۔ کیا کریں رہنمائی کریں؟
جواب۔ آپ کو چاہئے کہ وزارت افرادی قوت کی عدالت میں کیس دائر کریں کیونکہ قانون کے مطابق اگر کارکن کو 3 ماہ تک اجرت نہیں دی جاتی تو لیبر کورٹ کی جانب سے اسے کفالت کی تبدیلی کے احکامات صادر کردیئے جاتے ہیں۔
آگر آپ ریاض ریجن میں مقیم ہیں تو سفارت خانہ ریاض یا جدہ ریجن کے قونصلیٹ کے شعبہ ویلفئیر سے رجوع کریں اور وہاں درخواست جمع کرائیں جس میں جملہ مسائل کا واضح طور پر ذکر کریں۔ ویلفئیر سیکشن کے ذریعے کمپنی سے رابطہ کر کے معاملہ حل کرایاجاسکتا ہے ۔
اگر آپ براہ راست بھی لیبر کورٹ سے رجوع کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے وزارت افرادی قوت کی ویب سائٹ کے ذریعے اپنا کیس دائر کرسکتے ہیں۔