غیر ملکیوں کی ترسیل زر بڑھ گئی، 19.3 فیصد ریکارڈ اضافہ
2020 کے دوران 149.69 ارب ریال وطن بھجوائے۔ (فوٹو روئٹرز)
سعودی عرب میں 2020 کے دوران غیرملکیوں کے ترسیل زر میں 19.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ چار برس سے ترسیل زر میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جارہی تھی۔
الاقتصادیہ کے مطابق تارکین وطن نے 2020 کے دوران 149.69 ارب ریال اپنے وطن بھجوائے۔ 2019 کے مقابلے میں 24.16 ارب ریال (19.26 فیصد) زیادہ بھجوائے ہیں۔
یاد رہے کہ 2019 میں تارکین نے 125.53 ارب ریال اپنے ملک بھیجے تھے۔
الاقتصادیہ نے یہ اعدادوشمار سعودی سینٹرل بینک (ساما) کے ریکارڈ سے حاصل کیے ہیں۔
چار برس تک مسلسل کمی کے بعد پہلی بار 2020 میں غیرملکیوں کی ترسیل زر توجہ طلب حد تک بڑھ گئی ہے
2016 میں ریکارڈ ترسیل زر کی گئی تھی اور 151.9 ارب ریال بھیجے تھے اس کے بعد مسلسل کمی واقع ہوتی رہی۔
کہاجاسکتا ہے کہ 2020 میں تارکین کے ترسیل زر کا حجم 2009 کے بعد سب سے بڑا ہے۔ اس وقت ترسیل زر میں سالانہ شرح نمو 22.3 فیصد رہی ہے۔