Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نصیرالدین شاہ بھی کسانوں کے حق میں بول پڑے،’خاموشی ظلم کا ساتھ دینے کے مترادف‘

نصیرالدین شاہ نے کہا اگر کسان شدید سردی میں احتجاج پر بیٹھے ہیں تو ہم اپنی آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
انڈین اداکار نصیرالدین شاہ بھی نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کے حق میں بول پڑے۔
بالی ووڈ کے سینئر اداکار نصیرالدین شاہ، جو کہ مختلف ایشوز کے بارے میں اپنی رائے دینے سے گریز نہیں کرتے اور اس وجہ سے اکثر تنازعات کی زد میں بھی رہتے ہیں، نے انڈیا میں کسانوں کی جانب سے جاری احتجاج کے بارے میں اپنی رائے دی ۔
 
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران نصیرالدین شاہ نے کہا کہ مودی سرکار سے زیادہ کسان اپنے حقوق کے بارے میں جانتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسان جو کچھ کہہ رہے ہیں اسے سننے کی ضرورت ہے۔
نصیرالدین شاہ کے مطابق خاموشی ظلم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔
انہوں نے ساتھی بالی ووڈ اداکاروں کو اس ’ظلم‘ پر خاموش رہنے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بالی ووڈ اداکار اتنا کما چکے ہیں کہ نسلیں بیٹھ کر کھا سکتی ہیں، پھر ان اداکاروں کوسچ بولنے سے کیوں خوف آتا ہے؟
سینیئر اداکار کے مطابق ’آخر میں آپ اپنے دشمنوں کے الفاظ کو نہیں بلکہ اپنے دوستوں کی خاموشی کو یاد رکھیں گے۔‘
’یہ کہنا کہ یہ ذاتی حوالے سے تشویش کی بات نہیں درست نہیں ہوگا۔‘
’اگر ہمارے کسان شدید سردی میں احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں تو ہم ان کے احتجاج کے حوالے اپنی آنکھیں بند نہیں کر سکتے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ کسانوں کا احتجاج مومینٹم پکڑے گا اور ہر کوئی اس کو جوائن کرے گا۔

شیئر: