العربیہ چینل کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے اتوار کو کورونا وائرس کی تازہ صورتحال سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ’ ان دنوں سعودی عرب میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے اوراس میں 286 فیصد اضافہ ہوا ہے‘۔
وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ ’کورونا وبا کے خاتمے کے لیے حفاظتی تدابیر کی پابندی ناگزیر ہے۔ تغیر پذیر وائرس سے نمٹنے کے لیے ہمارے یہاں منفرد اقدامات کیے گئے ہیں‘۔
وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ’ کورونا کا پھیلاؤ اور اس کی تغیر پذیری کا معاملہ صحت حکام کی نظروں میں ہے اس پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے‘۔
العبد العالی نے کہا کہ’ اب تک مملکت بھر میں کورونا کے مجموعی ٹیسٹ 12.6 ملین سے زیادہ کیے جا چکے ہیں‘۔
ترجمان نے کہاکہ ’مملکت بھر میں وبا سے بچاؤ کے لیے متعدد موثر اقدامات کیے گئے ہیں اس کا مقصد وبا کے گرد حصار قائم کرنا ہے‘۔
وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا کہ ’کورونا کے 80 فیصد کیسز ریستورانوں اور تقریبات کی وجہ سے ہورہے ہیں‘۔
’سیکیورٹی ادارے ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں‘۔
وزارت صحت کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ’ سائنسدان کورونا وائرس کے چار تغیر پذیر وائرس پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں‘۔