ریاض اور مکہ ریجن میں سیکیورٹی اداروں کے نئے ہیڈکوارٹرز کا افتتاح
وزیر داخلہ کو زوم کے ذریعے 23 منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔(فوٹو سبق)
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے اتوار کو ریاض اور مکہ ریجن میں سیکیورٹی اداروں کے نئے ہیڈکوارٹرز کا افتتاح کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر داخلہ نے ریاض ریجن میں محکمہ انسداد منشیات اور محکمہ جیل خانہ جات کے نئے ہیڈ کوارٹرز جبکہ ریاض اور مکہ ریجنوں میں ماحولیاتی سیکیورٹی اور سپیشل فورس کمانڈ کے ہیڈکوارٹرز کا افتتاح کیا۔
وزیر داخلہ کو زوم کے ذریعے 23 منصوبے مکمل کرنے کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں سیکیورٹی فورس کے مختلف اداروں کے نئے ہیڈکوارٹرز ’خادم حرمین شریفین پروجیکٹ‘ کے عنوان سے تیار کیے جارہے ہیں۔
چوتھے مرحلے میں 23 منصوبے مکمل کیے گئے ہیں جس سے کارکردگی کا تناسب 89 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
خادم حرمین شریفین پروجیکٹ کے تحت سیکیورٹی فورس کے مختلف اداروں کے نئے ہیڈکوارٹرز کی تیاری میں اعلی ترین ٹیکنالوجی استعمال کی جارہی ہے تاکہ سیکیورٹی اہلکار مثالی ماحول میں ڈیوٹی انجام دے سکیں۔
سیکیورٹی فورس کو فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے اور چوبیس گھنٹے سیکیورٹی فرائض انجام دینے کے لیے مستعد ہوں۔