’شہزادی کو چھیڑا تو جیل جائیں گے‘ سیاحوں کو تنبیہہ
’شہزادی کو چھیڑا تو جیل جائیں گے‘ سیاحوں کو تنبیہہ
جمعہ 12 فروری 2021 15:48
ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں ٹریلز بند کرنے کا کہا گیا ہے (فوٹو: وائلڈلائف بورڈ)
اسلام آباد میں جنگلی حیات کے منتظم ادارے نے تنبیہہ کی ہے کہ ’اگر کسی نے شہزادی یا دیگر جانوروں کو چھیڑا تو جیل جائے گا۔‘
اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے فیس بک پر جاری کردہ پیغام میں غروب آفتاب کے بعد ٹریلز پر جانے والے دو افراد کی شناخت میں مدد دینے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
پیغام کے مطابق ادارے کی جانب سے لگائے جانے والے کیمروں نے ایسے مناظر محفوظ کیے ہیں جن میں دو افراد اندھیرے میں ٹریلز پر جا رہے ہیں اور وہ مادہ تیندوا ’شہزادی‘ کا سامنا کرنے سے بمشکل بچے ہیں۔
ادارے کی جانب سے ٹریلز پر جانے سے متعلق احتیاطی تدابیر کا ذکر بھی کیا گیا ہے اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اندھیرا پھیلنے کے بعد ٹریلز کا رخ نہ کیا جائے۔ نہ کیا جائے۔
خیال رہے مادہ تیندوا کا تعلق معدومیت سے دوچار نسل سے ہے، چند روز قبل کیمروں نے اس کی ویڈیو اور تصاویر بنائی تھیں۔
یکم فروری کو وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ سے وابستہ رینا ایس خان نے ٹوئٹر پر تیندوے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’یہ بیوٹی، اس کو ہم شہزادی کہتے ہیں، چار اور چھ کے ٹریلز پر لگے کیمروں میں دکھائی دی ہے، ان تیندووں کی نسل معدومیت کے خطرے سے دوچار ہے براہ مہربانی رات کے وقت ٹریلز پر نہ جائیں اور گروپس کی شکل میں جائیں۔‘
مینیجمنٹ بورڈ کے مطابق اندھیرا پھیلنے کے بعد مارگلہ ہلز جانوروں کے لیے مخصوص ہیں۔
یہ وارننگ بھی دی گئی ہے کہ اگر مارگلہ کے ٹریل فور یا سکس پر جانے کے لیے بنائے گئے ضابطوں پر عمل نہ کیا گیا تو جنگلی حیات کے تحفظ کی خاطر ان کو بند کر دیا جائے گا۔
چند ماہ پیشتر لاک ڈاؤن کے دوران جب پہاڑوں پر آمدورفت کم ہو گئی تھی ان دنوں محکمے کی جانب سے لگے کیمروں میں چیتے، گیدڑ اور دیگر جانوروں کی ویڈیوز بنیں جن کو عوام نے بہت پسند کیا۔
تاہم لاک ڈاؤن کھلنے کے بعد جانوروں کی نقل و حرکت ایک بار پھر محدود ہوئی۔ گیدڑ، بندر وغیرہ نظر آتے ہیں جب کہ کبھی کبھی تیندوے بھی نظر آتے ہیں۔