سائرن تجربات کے لیے ہیں، لوگ خوفزدہ نہ ہوں: شہری دفاع
ہنگامی حالات میں پیشگی انتباہ کے لیے نیشنل پلیٹ فارم پر سائرن کا تجربہ شروع کیا ہے۔(فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں محکمہ شہری دفاع نے ہنگامی حالات میں پیشگی انتباہ کے لیے نیشنل پلیٹ فارم پر سائرن کا تجربہ شروع کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے بیان میں کہا کہ سائرن کے تجربے ہنگامی حالات میں پیشگی انتباہ کا نیشنل پلیٹ فارم شہریوں کو درپیش خطرات سے آگاہ کرنے کا ایک ذریعہ ہیں۔
اس کی مدد سے موبائل سیٹس پر ہنگامی صورتحال کی اطلاع دی جاتی ہے اور شہریوں کو مناسب حفاظتی انتظامات پر آمادہ کیا جاتا ہے۔ ایسا کرنے پر موبائل میں وائبریشن پیدا ہوتا ہے اور اس کی خاص ٹیون ہوتی ہے۔
نیشنل پلیٹ فارم کے متعدد اہداف ہیں ان میں سے ایک یہ ہے کہ خطرہ جس علاقے کو درپیش ہوتا ہے اس کی نشاندہی دقیق ترین انداز میں کی جاتی ہے۔ ایک ہدف جان و مال کی سلامتی ہے جبکہ تیسرا مقصد خطرات سے پیدا ہونے والے نقصانات کو محدود کرنا ہے۔
علاوہ ازیں ہنگامی حالات میں پیشگی انتباہ کے نظام کو مزید موثر بنانا بھی ایک اہم مقصد ہے۔ نئے سسٹم کے ذریعے برق رفتاری سے سب لوگوں کو متنبہ کردیا جاتا ہے اور یہ یقین ہوتا ہے کہ یہ سائرن سرکاری ادارے کی جانب سے بجایا جارہا ہے۔
محکمہ شہری دفاع نے بتایا کہ سائرن کا تجربہ سب سے پہلے باحہ شہر میں ہوگا۔ علاوہ ازیں حریملا، العیینۃ، بقیق الشنان، بحرۃ، القنفذہ اور تنومہ کمشنریوں میں کیا جائے گا۔
بیان میں شہری دفاع نے سعودیوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا ہے کہ وہ سائرن پیغامات ملنے پر خوفزدہ نہ ہوں۔ یہ تجرباتی عمل ہے اس سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔