پی ایس ایل 6: افتتاحی تقریب میں عاطف اسلم سمیت کئی فنکار جلوہ گر ہوں گے
اتوار 14 فروری 2021 18:48
پہلا موقع ہوگا کہ جب عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم سپر لیگ کی افتتاحی تقریب میں جلوہ گر ہوں گے۔ فوٹو: پی سی بی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ 6 کا آغاز رنگارنگ افتتاحی تقریب سے ہوگا جس کا کچھ حصہ ترکی میں ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 6) کی افتتاحی تقریب میں عاطف اسلم اپنا ڈیبیو کریں گے جبکہ گلوکار عمران خان، حمیمہ ملک اور پی ایس ایل 6 کا ترانہ گنگنانے والے گلوگار بھی تقریب میں جلوہ گر ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق بیس فروری سے شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے والے فنکاروں میں عاطف اسلم، حمیمہ ملک، عمران خان، نصیبو لعل، آئمہ بیگ اور ینگ اسٹنرز شامل ہیں۔
پی سی بی کے مطابق یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب میں جلوہ گر ہوں گے۔
ایونٹ کے ابتدائی چار ایڈیشنز کی افتتاحی تقاریب دبئی میں منعقد ہوئی تھیں جبکہ پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب نیشنل سٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوئی تھی۔ اس ریکارڈڈ تقریب کی میزبانی بھی نیشنل سٹیڈیم کراچی کرے گا۔
روایت کے مطابق افتتاحی تقریب کے فوری بعد لیگ کا پہلا میچ کھیلا جائے گا۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول اس میچ میں دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد کا کہنا ہے کہ رواں سال ایونٹ کی افتتاحی تقریب بہت پرجوش ہوگی کیونکہ اس مرتبہ پاکستانی فینز کو تقریب دکھانے کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
یہ تقریب پی ٹی وی سپورٹس اور جیو سوپر پر نشر ہوگی۔ تقریب کے نشر ہونے کے اوقات کار کے بارے میں بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔