Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجران کی تاریخی مسجد کی اصلاح ومرمت مکمل

شہزادہ محمد بن سلمان 30 تاریخی مساجد کی توسیع و تزئین کرا رہے ہیں (فوٹو العربیہ)
سعودی عرب کے علاقے نجران میں تاریخی مسجد ابوبکر الصدیق کی اصلاح و مرمت مکمل ہوگئی ہے ۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پروجیکٹ برائے ترمیم تاریخی مساجد کے تحت اس کی اصلاح و مرمت کی گئی ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق مسجد ابوبکر الصدیق نجران ریجن کی ثار کمشنری کے مغرب میں واقع پرانے شہر کے وسط میں ہے۔ نجران سعودی عرب کا جنوبی صوبہ ہے۔

مسجد ابوبکر الصدیق ثار شہر کے مغرب میں 3 کلو میٹر کے فاصلے پر قدیم قصبے میں واقع ہے (فوٹو: العربیہ)

مسجد ابوبکر الصدیق ثار علاقے کی قدیم ترین مسجد ہے۔ یہ واحد مسجد ہے جہاں جمعے  کی نماز ادا کی جاتی ہے۔ قدیم قریے کے باشندوں کے علاوہ آس پاس کی بستیوں کے لوگ بھی یہاں جمعے کی نماز ادا کرنے کے لیے پہنچتے ہیں۔ 
اس مسجد میں نہ صرف عبادت اور نماز کا اہتمام کیا جاتا ہے بلکہ یہ پورے علاقے کے باشندوں کے لیے ثقافتی اور علمی مینارے کا بھی درجہ  رکھتی ہے۔ یہاں لیکچرز اور اسباق ہوتے رہتے ہیں۔ 

اصلاح ومرمت کے بعد خواتین کے مصلے کا اضافہ کیا گیا ہے (فوٹو العربیہ)

مقامی باشندے یہاں قرآن کریم کی تلاوت سیکھتے ہیں، حفظ کرتے ہیں۔ مقامی باشندے مسجد میں جمع ہوکر اپنے روزمرہ کے مسائل بھی حل کرتے ہیں۔ 
مسجد ابوبکر الصدیق ثار شہر کے مغرب میں 3 کلو میٹر کے فاصلے پر قدیم قصبے میں واقع ہے۔ یہ نجران شہر سے 120 کلو میٹر شمال مشرق میں ہے۔ مسجد کا کل رقبہ  130 مربع میٹر ہے۔ اس میں 57 نمازیوں کی گنجائش تھی۔
مسجد کی ایک عمارت ہے، خارجی صحن ہے- اس کے ماتحت طہارت خانہ ہے۔ مسجد کی تعمیر میں اینٹیں استعمال کی گئی ہیں۔ اس کی چھت لکڑی سے تیار کی گئی ہے۔

توسیع کے بعد اب اس تاریخی مسجد میں 118 نمازیوں کی گنجائش ہوگئی ہے (فوٹو: العربیہ)

مسجد ابوبکر الصدیق نے اصلاح ومرمت کے ساتھ  خواتین کے مصلے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ مردانہ و زنانہ وضو خانے بنائے گئے ہیں۔ توسیع کے بعد اب 118 نمازیوں کی گنجائش پیدا ہوگئی ہے۔ 
شہزادہ محمد بن سلمان سعودی عرب کے دس علاقوں میں 30 تاریخی  مساجد کی اصلاح، مرمت وتزئین اور توسیع کرا رہے ہیں اور یہ ان میں سے ایک ہے-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: