شاہ عبدالعزیز کے نام 75 برس قبل امریکی صدر روز ویلٹ نے کیا پیغام بھیجا؟
یہ خفیہ پیغام جدہ میں امریکی وزیر ولیم ایڈی نے بانی مملکت کو پہنچایا تھا (فوٹو: اخبار24)
بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کے نام امریکی صدر روز ویلٹ نے 75 برس قبل خفیہ پیغام بھیجا تھا۔
معروف سعودی مورخ قاسم الرویس نے بانی مملکت شاہ عبدالعزیزکے نام اس وقت کے امریکی صدر روز ویلٹ کے خفیہ پیغام کے حوالے سے بتایا ہے یہ خفیہ پیغام جدہ میں امریکی وزیر ولیم ایڈی نے بانی مملکت کو پہنچایا تھا۔
السعودیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے الرویس نے بتایا کہ ’جب امریکی صدر فرینکلین روز ویلٹ فروری 1945 کے دوران ’یالطا‘ کانفرنس میں شرکت کے لیے پہنچے تو انہوں نے امریکی وزارت خارجہ سے نہر سویز کی المرۃ جھیل میں شاہ عبدالعزیز کے ساتھ ملاقات کا پروگرام بنانے کے لیے کہا تھا۔ ‘
الرویس نے بتایا کہ امریکی وزیر ولیم نے شاہ عبدالعزیز کے سیکریٹری یوسف یازین سے ٹیلیفون پر رابطہ قائم کرکے درخواست کی تھی کہ وہ صدر روز ویلٹ کی ملاقات سے متعلق شاہ عبدالعزیز تک خفیہ پیغام پہنچانا چاہتے ہیں۔ امریکی وزیر نے شاہ عبدالعزیز سے ملاقات کرکے پیغام پہنچایا تھا۔
سعودی مورخ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر روز ویلٹ اور شاہ عبدالعزیز کے تعلقات کی شروعات 1938 میں ہوئی تھی۔ اس وقت دونوں رہنماؤں نے مسئلہ فلسطین سے متعلق خط و کتابت کی تھی۔
یاد رہے کہ شاہ عبدالعزیز اور امریکی صدر روز ویلٹ کی ملاقات 14 فروری 1945 کو ہوئی۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان ’کوئنسی معاہدہ‘ ہوا۔ اس کے تحت سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان سٹریٹیجک تعلقات قائم ہوئے تھے۔