Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ایس او پیز کی نگرانی کے لیے تفتیشی مہم میں سو فیصد اضافہ

خلاف ورزیوں کے ریکارڈ میں 32 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت تجارت نے کورونا ایس او پیز کی نگرانی کے لیے چھاپہ مہم میں سو فیصد اضافہ کردیا ہے۔
 تجارتی مراکز اور مملکت بھر میں سامان فروخت کرنے والے تمام اداروں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔  خلاف ورزیوں کے ریکارڈ میں 32 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت تجارت نے گزشتہ ہفتے 18 ہزار 824 چھاپے مارے ہیں، چھاپوں کا روزانہ اوسط  دو ہزار 600 سے زیادہ کا رہا- یومیہ 106 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ خلاف ورزیاں غذائی اشیا فراہم کرنے والے اداروں میں ریکارڈ کی گئیں جبکہ ملبوسات، فرنیچرز اور آرائشی اشیا کے شورومز خلاف ورزیوں کے حوالے سے دوسرے نمبر پر رہے۔ 
وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیمیں چھاپہ مہم کے دوران کئی باتیں چیک کرتی ہیں مثلا یہ کہ متعلقہ مقام پر گاہک اور کارکن ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی کررہے ہیں یا نہیں۔
تجارتی مرکز میں موجود افراد کی تعداد جگہ کے لحاظ سے کتنی ہے اور عملہ ایس او پیز کی کس حد تک پابندی کررہا ہے۔

ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے والے  تجارتی مرکز پر دس ہزار ریال جرمانہ کیا جاتا ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

یاد رہے کہ  کورونا ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے والے  تجارتی مرکز پر دس ہزار ریال جرمانہ کیا جاتا ہے۔ پابندی دہرانے پر سزا دگنی اور تجارتی مرکز سیل کردیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں تجارتی مرکز کے اندر اور باہر مقررہ تعداد سے زیادہ گاہکوں اور کارکنوں کی تعداد پائے جانے پر فی کس پانچ ہزار ریال جرمانہ کیا جاتا ہے۔

شیئر: