زائرین کی آسانی کے لیے مسجد نبوی میں رہنما بورڈز کے رنگ اور نمبر تبدیل
زائرین کی آسانی کے لیے مسجد نبوی میں رہنما بورڈز کے رنگ اور نمبر تبدیل
ہفتہ 20 فروری 2021 5:24
رہنما بورڈز کے نمبر تبدیل کرنے کا کام دو مراحل میں نافذ ہوگا۔( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں مسجد نبوی انتظامیہ نے رہنما بورڈز کے نمبر تبدیل کرنے شروع کر دیے ہیں۔ یہ کام دو مراحل میں نافذ ہوگا۔
مسجد نبوی کی فصیل کے بورڈز اور رہنما بورڈز نیز ان کے نمبر تبدیل کیے جا رہے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پہلے مرحلے میں مسجد نبوی کے بورڈ تبدیل کیے گئے۔ جنوب کی طرف سے نمبرنگ کی شروعات 301 سے کی گئی- آخری بورڈ کا نمبر 369 تک پہنچا ہے۔
بورڈز کا رنگ بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں اس بات کو مدنظر رکھا جا رہا ہے کہ مسجد نبوی کے اطراف کے ہر علاقے کے بورڈز کے لیے خاص رنگ منتخب کیا گیا ہے تاکہ عام زائرین آسانی سے رنگ کو ذہن میں رکھ کر اپنی رہائش سے مسجد نبوی اور وہاں سے رہائش آ جا سکیں۔
دوسرے مرحلے میں مسجد نبوی کے ماتحت اداروں کے رہنما بورڈز اور نمبر تبدیل کیے گئے اور ان کی شروعات 201 سے کی گئی ہے۔
مسجد نبوی کی انتظامیہ وژن 2030 کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے زائرین کے لیے خدمات کا معیار بلند کر رہی ہے۔
مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے ہدایات جاری کی ہیں کہ بورڈز، ان کے رنگ اور ان کے نمبر سائٹیفکٹ اور عملی انداز میں منتخب کیے جائیں۔
سیکریٹری انتظامیہ مسجد نبوی ڈاکٹر محمد الخضیری اس پروگرام کی نگرانی کررہے ہیں۔