کویت میں غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی میں مزید توسیع
سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ پابندی آئندہ نوٹس تک بر قرار رہے گی(فوٹو عرب نیوز)
کویت نے کورونا کے پھیلاو کو روکنے کے لیے اقدامات کے تحت کویت میں غیرملکیوں کے داخلے پر پابندی میں مزید توسیع کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کویت کی سول ایوی ایشن کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ’ یہ پابندی آئندہ نوٹس تک بر قرار رہے گی‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’کویتی شہریوں کو اب بھی ملک میں داخلے کی اجازت ہے تاہم انہیں لازمی طور پر ایک ہفتے ہوٹل اور مزید ایک ہفتے تک گھر میں قرنطینہ میں رہنا ہوگا‘۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کویت میں سول ایوی ایشن کےڈائریکٹوریٹ جنرل کی جانب سے ایک بیان کہا گیا تھا کہ کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ممالک سے کویت پہنچنے والے مسافروں کو 14 دن کے لیے ذاتی خرچ پر مقامی ہوٹلوں میں قرنطینہ کرنا ہو گا۔
کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی کونا کے مطابق ایسے افراد جو کورونا سے زیادہ متاثرہ ممالک کے بجائے دیگر ممالک سے آرہے ہیں انہیں اپنے خرچ پر کسی مقامی ہوٹل میں فقط سات دن کے لیے الگ تھلگ رہنا ہو گا۔
اس کے بعد یہ افراد مزید سات دن اپنے اپنے گھروں میں گزار کر 14 دن کا قرنطینہ پورا کریں گے۔